گوادر حق دو تحریک کے قائد مولانا ھدایت الرحمن کی قیادت میں 15 نومبر کے احتجاجی دھرنے کی مہم کی کامیابی کے لئے گوادر میں بہت بڑی موٹرسائیکل احتجاجی ریلی نکالی گئی۔
ریلی کا آغاز سیرت النبیؐ چوک سے ہوا جو مختلف شاہراؤں کا گشت کرتے ہوئے جی ٹی گیٹ پر اختتام پزیر ہوئی۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے مولانا ھدایت الرحمن کا کہنا تھا کہ 15 نومبر کا احتجاجی دھرنا ہر صورت ہوگا کیونکہ سمندر کو ٹرالرز مافیا سے پاک کرنے اور دیگر مطالبات کو پورا کرنے کے لئے حکومت تساہل کا مظاہرہ کررہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ گوادر حق دو تحریک گوادر کے عوام کی دل کی آواز ہے جس کا ثبوت یہ احتجاجی ریلی ہے لیکن جو دھرنا ہم دینگے اس سے حکومتی مشنری جام ہوجائے گی۔
انہوں نے کہا کہ چیف سیکریٹری بلوچستان اور دیگر اعلی حکام گوادر کا دورہ کررہے ہیں لیکن یہاں کے اہم ترین اسٹیک ہولڈرز یعنی عوام سے ملاقات کرنے کی بجائے بند کمروں میں اپنے فیصلے کررہے ہیں جس کو عوام مسترد کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہماری تحریک کی بدولت کوسٹل ہائی وے پر بہت سے چیک پوسٹ ختم کئے گئے ہیں لیکن دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے چیک پوسٹ برقرار ہیں جبکہ سمندر میں غیر قانونی فشنگ جاری ہے جس سے ماہی گیر بدحال ہیں۔ حکومت عوام کی آنکھوں میں دھول نہیں جھونک سکتی۔
انہوں نے کہا کہ ہماری تحریک مکمل چارٹر آف ڈیمانڈ کی منظوری تک جاری رہے گی۔ 15 نومبر کا احتجاجی دھرنا ہر صورت ہوگا اور یہ اس وقت جاری رہے گا جب سمندر ٹرالرز مافیا سے مکمل پاک نہیں ہوتا۔
انہوں نے کہا کہ دھرنا ضلعی انتظامیہ کے افسران سے مزاکرات نہیں کرے گی۔ صوبائی حکومت کو مکمل یقین دہانی کرانی ہوگی اور چارٹر آف ڈیمانڈ کی منظوری تک دھرنا جاری رہے گا۔ چاہے اس کے لئے ہمیں کئی دن تک بیٹھنا پڑے ہم دریغ نہیں کرینگے۔