کالعدم تحریک لبیک نے جمعے کو وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کی جانب لانگ مارچ کا اعلان کیا ہے۔
تحریک لبیک کے ترجمان کے مطابق ان کی جماعت اور کارکن بعد از نماز جمعہ اسلام آباد کی جانب لانگ مارچ کا آغاز کریں گے۔
یاد رہے کہ پاکستان کے صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں کالعدم تحریک لبیک کے کارکن دھرنے پر بیٹھے ہیں اور ان کا مطالبہ ہے کہ وفاقی حکومت ان کی جماعت کے ساتھ چند ماہ پہلے کیے گئے معاہدے پر عملدرآمد کرے۔
اس معاہدے میں بنیادی نکتہ پاکستان سے فرانسیسی سفیر کی ملک بدری کے حوالے سے اقدامات کیے جانے سے متعلق ہے۔
دوسری جانب وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد کا کہنا ہے کہ اگر کالعدم تحریک لبیک کے مطالبے پر پاکستان سے فرانسیسی سفیر کو ملک بدر کیا گیا تو پاکستان کے یورپی ممالک سے تعلقات کشیدہ ہو جائیں۔
جمعرات کو اسلام آباد میں پولیس کی پاسنگ آؤٹ تقریب کے بعد میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید کا کہنا تھا کہ فرانس کے سفیر کو ملک بدر کرنے کا مطلب یہ ہے کہ پاکستان یورپی ملکوں سے باہر ہو جائے گا جس کا ملک کی معیشت کو ناقابل تلافی نقصان پہنچے گا۔
گذشتہ رات لاہور اور راولپنڈی میں پولیس نے تحریک لبیک کے درجنوں کارکنوں کو حراست میں لیا۔
منگل کو کالعدم تحریک لبیک نے لاہور میں عید میلاد النبی کے موقع پر اپنے مرکزی جلسے کو ’پرامن احتجاجی دھرنے‘ میں تبدیل کرنے کا اعلان کرتے ہوئے حکومت پر زور دیا تھا کہ وہ ماضی میں تحریک لبیک کے ساتھ ہونے والے معاہدے پر عملدرآمد یقینی بنائے۔
تنظیم کی جانب سے حکومت کو اس سلسلے میں دو دن کی مہلت دیتے ہوئے کہا گیا تھا کہ اگر اپریل میں ہونے والا معاہدہ پورا نہ کیا گیا تو جمعرات کی شام آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کیا جائے گا۔
احتجاجی دھرنے کے شرکا کا کہنا ہے کہ حکومت پاکستان کی جانب سے تحریک لبیک کے ساتھ معاہدے سے بار بار ’روگردانی‘ کی گئی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ’تین دن میں معاہدے پر عملدرآمد کا کہا گیا تھا جبکہ اب چھ ماہ گزر گئے لیکن معاہدے کی ایک شق پر بھی عمل نہیں کیا گیا۔‘
دوسری جانب لاہور پولیس نے اورنج لائن ٹرین سروس کی انتظامیہ کی درخواست پر تحریک لبیک کے اعلی عہدیدران سمیت نامعلوم افراد کے خلاف انسداد دہشت گردی ایکٹ سمیت ڈکیتی، اقدام قتل، دنگا فساد، دھمکیاں دینے اور غیرقانونی ہتھیار رکھنے کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا ہے۔
مقدمے کی ایف آئی آر کالعدم تحریک لبیک کے سرپرست اعلیٰ پیر قاضی محمود اعوان، مرکزی ناظم مالیات پیر محمد قاسم، امیر جنوبی پنجاب پیر سرور شاہ سیفی، امیر ہزارہ مفتی عمیر الظاہری، ناظم شمالی پنجاب مولانا غلام عباس سیفی، امیر بلوچستان مفتی وزیر قادری اور لاہور ڈویژن کے مفتی عابد رضا قادری کے خلاف درج کی گئی ہے۔
نامزد ایف آئی آر میں تحریک لبیک کے لاہور، جہلم اور بہاولپور اضلاع کے عہدیدران کے نام بھی شامل ہیں۔
ایف آئی آر کے مطابق اورنج لائن نے سٹیشن منیجر نے پولیس کو اطلاع دی کہ ان تمام نامزد افراد نے چالیس کے پچاس نامعلوم مسلح افراد کے ہمراہ سٹیشن پر دھاوا بولا، عملے پر پیٹرول چھڑکا، جان سے مارنے کی دھمکیاں دیں، قیمتی اشیا لوٹیں اور اسلحے کی نمائش کی۔