امریکا: بلوچستان کے جلیلہ حیدر نے باہمت خواتین کا عالمی ایوارڈ وصول کرلیا

0
315

بلوچستان کی ’آئرن لیڈی‘ کے نام سے پہچانی جانے والی وکیل جلیلہ حیدر کو امریکا میں ’انٹرنیشنل ویمن کریج ایوارڈ‘ سے نوازا گیا ہے۔ جلیلہ حیدر نے اس ایوارڈ کو پاکستان اور بالخصوص بلوچستان کی خواتین کے نام کیا۔

واشنگٹن میں امریکی محکمہ خارجہ کی جانب سے پاکستان میں انسانی حقوق کی سرگرم کارکن اور ڈیموکریٹک ویمن فرنٹ بلوچستان کی صدر جلیلہ حیدر ایڈوکیٹ کو دیگر بارہ باہمت خواتین کے ساتھ اس عالمی ایوارڈ سے نوازا گیا۔

امریکی وزیر خارجہ اور امریکی خاتون اول میلانیا ٹرمپ نے چار مارچ کو واشنگٹن میں اعزازی تقریب میں جلیلہ حیدر کو یہ ایوارڈ دیا۔ امریکی خاتون اول میلانیا ٹرمپ نے اس حوالے سے ٹوئٹر پر لکھا، ”آج جن خواتین کی خدمات کو سراہا گیا ہے وہ نہ صرف مضبوط اور مذاہمتی خواتین ہیں، وہ ہم سب کے لیے حقیقی طور پر مثال کن شخصیات ہیں۔“

امریکی محکمہ خارجہ کے اعلامیہ کے مطابق اس اعزاز سے ان بہادر خواتین کو سراہا جاتا ہے، جنہوں نے مشکل حالات میں امن، انصاف، انسانی حقوق، صنفی مساوات اور خواتین کو با اختیار بنانے کے لیے غیر معمولی خدمات سرانجام دی ہوں۔

اس اعلامیے کے مطابق جلیلہ نے بلوچستان کی مقامی کمیونٹی کے حقوق کے لیے بہت زیادہ کام کیا ہے۔ اس کے ساتھ انہوں نے خواتین پر تشدد کے خلاف بھی آواز بلند کی ہے۔

جلیلہ حیدر کو ‘غیرمعمولی خواتین’کا امریکی ایوارڈ دینے کا اعلان

بلوچستان کی ہزارہ کمیونٹی سے تعلق رکھنے والی جلیلہ حیدر انسانی حقوق کی سرگرم کارکن ہیں اور انہیں بلوچستان کی آئرن لیڈی بھی کہا جاتا ہے۔ جلیلہ ہزارہ برادری سے تعلق رکھنے والی پہلی خاتون وکیل ہیں۔ وہ غریب خواتین کو مفت مشاورت اور قانونی خدمات مہیا کرتی رہی ہیں۔

بلوچستان میں سن دو ہزار اٹھارہ اور انیس میں ہزارہ قبیلے سے تعلق رکھنے والے افراد کی ٹارگٹ کلنگ کے خلاف احتجاج میں انہوں نے پر امن بھوک ہڑتال کی بھی سربراہی کی تھی۔

مائکرو بلاگنگ کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جلیلہ حیدر کو مبارک باد پیش کی جا رہی ہیں۔ جلیلہ حیدر نے اس ایوارڈ کو پاکستان اور بالخصوص بلوچستان کی ایسی خواتین کے نام کیا جو اپنے حقوق کے لیے آواز اٹھا رہی ہیں۔ ہزارہ برادری سے تعلق رکھنے والی انسانی حقوق کی کارکن جلیلہ حیدر کو گزشتہ سال بی بی سی نے ایک سو بااثر خواتین کی فہرست میں بھی شامل کیا تھا۔

رواں برس امریکا کی جانب سے ’انٹرنیشنل ویمن کریج ایوارڈ‘ حاصل کرنے والی خواتین میں افغان خاتون ظریفہ غفاری، آرمینیا کی لکی کوچاریان، آذربائیجان کی شہلا ہمباٹوا، بولیویا کی زیمینہ گلارزا، برکینا فاسو کی کلیئر اودراوگا، چین کی سیراگل سوئتبے، ملیشیا کی سوزانا لیو اور نکاراگوا کی امایا کوپنس شامل ہیں۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here