ملک کی بہتری کیلئے ہر عورت چھ چھ بچے پیدا کرے، صدر وینزویلا

ایڈمن
ایڈمن
3 Min Read

وینزویلا کے صدر نکولس مدورو نے خواتین سے اپیل کی ہے کہ وہ ملک کی بہتری کے لیے چھ چھ بچے پیدا کریں۔

خواتین سے متعلق نیشنل ہیلتھ کیئر پلان کے فروع کے لیے ایک ٹی وی پروگرام میں صدر نے عورتوں سے کہا کہ وہ بچے پیدا کرتی رہیں۔

اس وقت وینزویلا معاشی بحران سے دوچار ہے اور ملک میں خوراک اور ادویات کی قلت ہے۔ یونیسیف کے مطابق 2013 سے 2018 کے درمیان ملک کے تیرہ فیصد بچے غذائیت کی کمی کا شکار تھے۔

تقریب میں شامل خواتین کو خطاب کرتے ہوئے صدر مدورو نے کہا ‘خدا آپ پر رحمت عطا فرمائے کہ آپ چھ چھ ننھے منے لڑکے لڑکیوں کو پیدا کریں’۔ انہوں نے کہا کہ ہر عورت کو کم از کم چھ بچے پیدا کرنے چاہئیں۔

مسٹر گوائیڈو کے حامیوں نے صدر مدورو کے اس بیان کی سوشل میڈیا پر شدید نکتہ چینی کی۔ ان کا کہنا تھا کہ ہسپتال کام نہیں کر رہے، ادویات کی قلت ہے، عورتیں بچوں کو دودھ نہیں پلا سکتیں کیونکہ انہیں مناسب خوراک دستیاب نہیں ہے اور بازار کا دوھ خریدنے کی سکت ان میں نہیں ہے، ملک بحران کا شکار ہے، لگتا ہے مدورو اور انکی حکومت نفسیاتی لاتعلقی کا شکار ہے۔

اقوامِ متحدہ کے ورلڈ فوڈ پروگرام کے جائزے کے مطابق وینزویلا کے تین میں سے ایک شہری اپنے گھر والوں کے لیے بنیادی خوراک مہیا کرانے میں دشواری کا سامنا کر رہا ہے۔

معاشی بحران کے درمیان 2018 میں ایک خیراتی ادارے نے کہا تھا کہ نوزائیدہ بچوں کو سڑکوں پر یا کسی سرکاری عمارت کے باہر چھوڑنے والوں کے تعداد میں ستر فیصد اضافہ ہوا ہے۔

وینزویلا کی حکومت نے اس بارے میں کوئی سرکاری اعداد و شمار جاری نہیں کیے ہیں۔ ملک میں حکومت اور حزبِ اختلاف کے درمیان رسہ کشی کے سبب حالات زیادہ بگڑ چکے ہیں۔

50 سے زائد ممالک حزبِ اختلاف کے رہنما جان گوائیڈو کو ملک کا جائز رہنما تسلیم کرتے ہیں لیکن صدر مدورو اقتدار میں ہیں جنہیں فوج کی حمایت حاصل ہے۔

Share This Article
Leave a Comment