لاہور: حافظ سعید رہائشگاہ پرہونیوالے بم دھماکے کی مرکزی ملزم کی گرفتاری کا دعویٰ

0
222

پاکستانی سیکورٹی فورسز نے دعویٰ کیا ہے کہ لاہور میں حافظ سعید کی رہائش گاہ کے قریب ہونے والے حالیہ کار بم دھماکے کے مبینہ مرکزی مشتبہ ملزم کو لاہور ایئر پورٹ سے گرفتار کر لیا ہے۔

گزشتہ روز ہونے والے اس بم دھماکے کے نتیجے میں تین افراد ہلاک اور پچیس دیگر زخمی ہو گئے تھے۔

پاکستانی صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور سے جمعرات چوبیس جون کو ملنے والی رپورٹوں کے مطابق اس بم دھماکے کی چھان بین کے اب تک کے نتائج سے واقف سہیل احمد نامی ایک سیکورٹی اہلکار نے بتایا کہ اسی شہر میں کل بدھ کے روز یہ کار بم حملہ اس وقت زیر حراست بھارت مخالف عسکریت پسند رہنما حافظ سعید کی رہائش گاہ کے قریب کیا گیا تھا۔

سہیل احمد نے نیوز ایجنسی اے پی کو بتایا اس دھماکے کے ذمے دار افراد میں سے ایک مرکزی مشتبہ ملزم کو آج اس وقت گرفتار کر لیا گیا، جب وہ لاہور کے بین الاقوامی ہوائی اڈے سے بیرون ملک روانہ ہونے کی کوشش میں تھا۔ اس سکیورٹی اہلکار نے مزید کوئی تفصیلات بتانے سے انکار کر دیا اور صرف اتنا کہا کہ گرفتار کیے گئے ملزم کا نام ڈیوڈ پیٹر ہے اور وہ پاکستانی شہری ہے۔

سہیل احمد نے بتایا کہ مشتبہ ملزم ڈیوڈ پیٹر کو ملکی خفیہ اداروں کی مدد سے صوبہ پنجاب کے محکمہ انسداد دہشت گردی کے حکام نے گرفتار کیا اور اس بارے میں جلد ہی حکومت ایک باقاعدہ بیان جاری کرنے والی ہے۔

نیوز ایجنسی اے پی نے لکھا ہے کہ لاہور کے علاقے جوہر ٹاؤن میں اس کار بم دھماکے کے مشتبہ ملزم کی گرفتاری سے چند ہی گھنٹے قبل پاکستانی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے ٹوئٹر پر اپنے ایک پیغام میں لکھا تھا کہ پنجاب پولیس لاہور بم دھماکے کے ذمے داران کو گرفتار کرنے ہی والی تھی۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here