راولپنڈی میں 100 سالہ قدیم مندر پر 15فرادکاحملہ، توڑ پھوڑ کی گئی

ایڈمن
ایڈمن
2 Min Read

راولپنڈی میں نامعلوم افراد کے ایک گروپ نے پوران قلعہ میں واقع قدیم مندر پر حملہ کرکے اس کی تزئین و آرائش، سیڑھیوں اور دروازوں کو نقصان پہنچایا ہے۔

میڈیا رپورٹوں کے مطابق مندر کی تاریخ 100 برس پر محیط ہے جہاں تزئین و آرائش کا کام جاری تھا۔

اس سے قبل تجاوزات مافیا نے طویل عرصے سے دکانیں بناکر مندر کے چاروں طرف قبضہ کرلیا تھا۔

پولیس کی مدد سے ضلعی انتظامیہ نے حال ہی میں تمام تجاوزات کو ختم کیا تھا۔

مندر کو تجاوزات سے پاک کرنے کے بعد تزئین و آرائش کا کام شروع کردیا گیا تھا۔

شمالی زون کے متروکہ وقف املاک بورڈ (ای ٹی پی بی) کے سیکیورٹی افسر سید رضا عباس زیدی نے بننی پولیس اسٹیشن میں ایف آئی آر درج کرواتے ہوئے کہا کہ مندر کی تعمیر اور تزئین و آرائش کا کام گزشتہ ایک ماہ سے جاری ہے۔

انہوں نے کہا کہ مندر کے سامنے کچھ تجاوزات تھیں جنہیں 24 مارچ کو ہٹا دیا گیا تھا۔

سید رضا عباس نے کہا کہ مندر میں مذہبی رسومات کا آغاز نہیں کیا گیا تھا اور نہ ہی کوئی بت یا کوئی دوسری عبادت کی چیز موجود تھی۔

شکایت کنندہ نے بتایا کہ ہفتے کے روز شام تقریبا ساڑھے سات بجے 10 سے 15 افراد نے مندر پر حملہ کیا اور مرکزی دروازے سمیت دیگر دروازوں اور سیڑھیاں کو بھی نقصان پہنچا۔

انہوں نے ان لوگوں کے خلاف قانونی کارروائی کا مطالبہ کیا جنہوں نے مندر کی حرمت کو نقصان پہنچایا۔

Share This Article
Leave a Comment