افغانستان میں ہیلی کاپٹر گر نے سے 9 افغان فوجی ہلاک

0
508

افغانستان کے وسطی صوبے وردک میں فوجی ہیلی کاپٹر گر کر تباہ ہوگیا جس کے نتیجے میں عملے سمیت 9 فوجی ہلاک ہوگئے۔

خبر ایجنسی ‘رائٹرز’ کی رپورٹ کے مطابق افغان وزارت دفاع کا کہنا تھا کہ ہیلی کاپٹر وسطی افغانستان میں حادثے کا شکار ہوا اور اس میں سوار 9 فوجی اہلکار ہلاک ہوئے جبکہ حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات کی جارہی ہیں۔

افغان وزارت دفاع نے بیان میں کہا کہ حادثہ صوبہ میدان وردک میں پیش آیا اور ہلاک اہلکاروں میں عملے اور اسپیشل فورسز کے عہدیدار شامل ہیں۔

صوبائی عہدیداروں اور افغان وزات دفاع کے ذرائع کا کہنا تھا کہ ہیلی کاپٹر جب لینڈ کر رہا تھا تو اسے راکٹ سے نشانہ بنایا گیا۔

طلوع نیوز کی رپورٹ کے مطابق دارالحکومت کابل میں سرکاری ملازمین کی بس دھماکے کا نشانہ بنی جس کے نتیجے میں 4 شہری ہلاک اور 14 زخمی ہوگئے۔

پولیس کا کہنا تھا کہ سرکاری ملازمین کی بس کابل کے علاقے سر کوتل میں دھماکے کا نشانہ بنی جبکہ ذرائع کا کہنا تھا کہ بس میں وزارت مواصلات اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کے ملازمین سوار تھے۔

عینی شاہدین کے مطابق متاثرہ افراد کو قریبی ہسپتال منتقل کردیا گیا۔

واقعے کی ذمہ داری تاحال کسی گروپ نے قبول نہیں کی۔

خیال رہے کہ کابل میں رواں ہفتے کے شروع میں سرکاری ملازمین کی بس پر حملہ کیا گیا تھا جہاں 4 خواتین سمیت 5 شہری ہلاک ہوگئے تھے۔

سرکاری عہدیداروں کا کہنا تھا کہ واقعے میں 13 افراد زخمی بھی ہوئے جبکہ طلوع نیوز کے مطابق افغانستان میں گزشتہ 18 روز میں مختلف واقعات میں 144 افراد مارے گئے اور 214 زخمی ہو چکے ہیں۔

گزشتہ ہفتے افغانستان کے مغربی صوبے ہرات میں کار بم دھماکے میں کم از کم 8 افراد ہلاک اور 47 زخمی ہوگئے تھے۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here