بھارت اور چین کے درمیان لداخ میں لائن آف ایکچوئول کنٹرول کے پاس ایک گائوں میں چینی فوجیوں کی جانب سے دراندازی کی اطلاعات ہیں۔ اس سے متعلق ایک ویڈیو بھی گردش کر رہی ہے تاہم بھارت نے ابھی تک کوئی رد عمل ظاہر نہیں کیا ہے۔
ایک ایسے وقت میں جب چین اور بھارت لداخ میں کشیدگی کم کرنے کے مقصد سے ایک اور مرحلے کی بات چیت کی تیاری کر رہے ہیں، ایل اے سی پر بھارت کے ایک گاو¿ں میں چینی فوجیوں کے داخل ہونے کی اطلاعات ہیں۔ بھارتی میڈیا کے مطابق چینی فوجی سادہ وردی میں گاڑیوں میں سوار ہوکر آئے تھے اور گاو¿ں کے لوگوں سے بات چیت کے بعد وہاں رکنے کیبجائے اپنی جانب واپس چلے گئے۔
لائن آف ایکچوئل کنٹرول پر بھارت کی جانب سے جس گاو¿ں میں چینی فوجیوں کے داخلے کی بات کی جا رہی ہے وہ مشرقی لداخ میں لیہ سے تقریباً 135 کلو میٹر کے فاصلے پر نیوما علاقے میں واقع ہے اور اس کا نام چانگ تھانگ بتایا جا رہا ہے۔ بھارتی میڈیا میں یہ خبر مذکورہ گاو¿ں سے وائرل ہونے والی ایک ویڈیو کے حوالے سے شائع کی گئی ہے اور کہا جا رہا ہے کہ فوجی گاڑیوں میں سوار ہوکر آئے تھے۔
سوشل میڈیا پر فوجیوں کے داخلے سے متعلق ایک نئی ویڈیو وائرل ہوئی ہے جس میں ایک بڑے میدانی علاقے، غالباً چراگاہ، میں بعض چینی شہریوں کو سادہ وردی میں کاروں سے اترتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔ وہاں موجود افراد اور چینی فوجیوں کے درمیان مقامی زبان میں کافی دیر تک بات چیت کو بھی سنا جا سکتا ہے۔ بعد میں یہ افراد اپنی گاڑیوں میں سوار ہوکر واپس چلے گئے۔
اطلاعات کے مطابق وہاں پر بڑی تعداد میں مقامی چرواہے موجود تھے جنہوں نے فوجیوں کی آمد پر احتجاج کیا جس کے بعد چینی شہری وہاں سے واپس ہوئے۔ خبروں کے مطابق مقامی لوگوں نے اس واقعے سے متعلق سرحد کی حفاظت کرنے والے بھارتی فورسز کو بھی اطلاع دی تھی۔
اس سرحدی علاقے میں دونوں جانب سے بھاری تعداد میں فوجی تعینات ہیں اس کے باوجود اس طرح کی دراندازی سے ایسا لگتا ہے کہ بہت سے علاقے اب بھی یونہی بغیر فوج کے خالی پڑے ہیں۔ بھارت کے ایک معروف انگریزی اخبار کے مطابق اس سلسلے میں مقامی فوجی افسران سے رابطہ کر کے مزید تفصیلات جاننے کی کوشش کی گئی تاہم حکام نے اس پر کوئی بھی تبصرہ کرنے سے انکار کر دیا۔ بھارتی حکومت نے ابھی تک اس پر کوئی تبصرہ نہیں کیا ہے۔
تبت سے تعلق رکھنے والے بیشتر پناہ گزین لداخ میں آباد ہیں جس میں سے ایک بڑی تعداد چانگ تھانگ اور لیہ میں رہتی ہے۔ چانک تھانگ میں مقامی بکروال اور قبائلی بھی آباد ہیں۔
بھارت اور چین کے درمیان مشرقی لداخ میں گزشتہ تقریبا آٹھ ماہ سے حالات کشیدہ ہیں اور دونوں ملکوں کی فوجیں ایک دوسرے کے سامنے کھڑی ہیں۔ کشیدگی کو ختم کرنے کے لیے اب تک فریقین میں کئی دور کی بات چیت ہوچکی ہے تاہم ابھی تک کوئی پیش رفت نہیں ہوئی ہے۔
واضح رہے کہ 15جون کی درمیانی شب وادی گلوان میں دونوں فوجوں کے درمیان زبردست تصادم ہوا تھا جس میں بھارت کے 20 فوجی ہلاک اور درجنوں زخمی ہوگئے تھے۔ بھارت کا دعوی ہے کہ اس کے فوجیوں نے بھی گلوان میں زبردست بہادری کا مظاہرہ کیا اور چینی فوجیوں کو بھی بھاری نقصان سے دو چار کیا۔ تاہم چین نے اب تک ایسے کسی نقصان کا زکر نہیں کیا ہے۔
بھارت کا موقف ہے کہ ایل اے سی پر رواں برس اپریل تک جو پوزیشن تھی اگر اس کو بحال کیا جائے تو کشیدگی کو کم کرنے میں مدد مل سکتی ہے۔ اس کا مطالبہ رہا ہے کہ دونوں ملکوں کی فوجوں کو بلا شرط پہلے کی پوزیشن پر واپس چلے جانا چاہیے۔ لیکن اس حوالے سے فریقین میں شدید اختلافات پائے جاتے ہیں۔
لداخ کے بلند ترین اور بنجر پہاڑوں کے درمیان واقع لائن آف ایکچوئل کنٹرول (ایل اے سی) کا علاقہ عموماً کافی سرد رہتا ہے۔ سردیوں میں یہاں درجہ حرارت منفی 40 سینٹی گریڈ تک پہنچ جاتا ہے، جس سے وہاں فوجیوں کی تعیناتی ایک بڑا مسئلہ ہے۔ بھارت چاہتا ہے کہ کڑاکے کی سردی سے پہلے ہی وہاں سے فوجیوں کو ہٹا لیا جائے۔