بلوچستان کے علاقے بولان اور مند میں خاتون سمیت 2 افراد قتل کردیئے گئے جبکہ اوتھل اور کوئٹہ میںروڈ حادثےسے 2 افراد ہلاک ہوگئے۔
کچھی بولان کی سب تحصیل سنی کے علاقے لطیف آباد میں محبوب علی جت نے اپنی بیوی مسماتہ(ن) کو سیاہ کاری کے الزام میں گھر میں فائرنگ کرکے قتل کر دیا اور موقع سے فرار ہوگیا۔
سنی لیویز نے لاش کو سول ہسپتال ڈھاڈر منتقل کیا۔
ڈھاڈر سول ہسپتال انتظامیہ نے لاش کا پوسٹ مارٹم کرنے کے بعد لاش کو ورثاء کے حوالے کر دیا۔
دوسری جانب ضلع کیچ کے علاقے مند میں بھائی نے اپنے بھائی کو قتل کر دیا۔
پولیس کے مطابق تلمب مند میں گھریلو جھگڑے پر بھائی نے اپنے ہی بھائی عثمان ولد فقیر محمد کو فائرنگ کرکے قتل کردیا۔
وجہ قتل گھریلو ناچاقی بتائی جاتی ہے ۔
مزید کارروائی جاری ہے۔
جبکہ مکران کوسٹل ہائی وے جکی چڑھائی کے مقام پر کراچی سے گوادر جانے والے LPG ٹرالر کو تیز رفتاری کے سبب الٹے گیا جس کے نتیجے میں ڈرائیور موقع پر ہی ہلاک اور کلینر زخمی ہوگیا۔
ریسکیو زرائع کے مطابق مکران کوسٹل ہائی وے جکی چڑھائی کے مقام پر LPG ٹرالر جو کہ کراچی سے کوئٹہ جارہا تھا کہ تیز رفتاری کے باعث الٹ گیا۔حادثے میں ڈرائیور محمد علی زہری ہلاک ہوگیا جب کہ کلینرمنیر احمد زخمی ہوگیا۔
لاش اور زخمی کو قریبی ہسپتال منتقل کردیا گیا۔
دریں اثنا کوئٹہ کے علاقے مغربی بائی پاس پر تیز رفتار گاڑی نے موٹر سائیکل سوار کو ہلاک جبکہ دو افراد کو زخمی کردیا۔
پولیس کے مطابق خروٹ آباد کا رہائشی سفر خان گزشتہ شب موٹر سائیکل پر ائیر پورٹ روڈ سے گھر جارہا تھا وہ جیسے ہی مغربی بائی پا س پر پہنچا تیز رفتار گاڑی ڈرائیور سے بے قابوہوکر موٹر سائیکل سے ٹکرانے کے بعد کباڑی کی دکان میں گھس گئی جس کے نتیجے میں موٹر سائیکل سوار سفر خان سمیت تین افراد زخمی ہوگئے۔
اطلاع ملنے پر پولیس نے فوری طور پر زخمیوں کو ہسپتال پہنچایا جہاں سفر خان زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے ہلاک ہوگیا۔
ہسپتال میں ضروری کارروائی کے بعد لاش ورثاکے حوالے کردی گئی۔