عالمی سطح پر سائبر بندش سے مختلف آپریشنز، پروازیں ،بینکنگ و کمپیوٹرزشعبے متاثر

0
78

— دنیا کے مختلف ممالک میں جمعے کو سائبر بندش کی وجہ سے مختلف آپریشنز متاثر ہوئے ہیں۔ کمپیوٹر سسٹمز کی بندش سے پروازیں روکنی پڑیں، کچھ براڈکاسٹرز کو آف ایئر ہونا پڑا جب کہ بینکنگ سے لے کر ہیلتھ کیئر تک کے شعبے متاثر ہوئے۔

خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق جمعے کو ٹیکنالوجی کمپنی مائیکرو سافٹ کے سسٹم میں بڑے پیمانے پر بندش کی وجہ سے دنیا بھر میں پروازیں، بینکوں، میڈیا آؤٹ لیٹس اور کمپنیز کی سروسز متاثر ہوئیں۔

بندش سے سب سے زیادہ ٹریول انڈسٹری متاثر ہوئی ہے اور ٹوکیو، ایمسٹرڈیم، برلن اور اسپین کے کئی ایئرپورٹس سمیت دنیا کے مختلف ہوائی اڈوں پر سسٹم میں خرابی اور تاخیر کی شکایات موصول ہوئی ہیں۔

مائیکروسافٹ کا کہنا ہے کہ کمپنی کی 365 ایپس اور سروز تک رسائی کو متاثر کرنے والے مسئلے کو بتدریج حل کر رہے ہیں۔

مائیکروسافٹ 365 نے سوشل پلیٹ فارم ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر کہا ہے کہ متاثرہ ٹریفک کو متبادل سسٹمز پر ڈالنے کی کوشش کر رہے ہیں تاکہ پڑنے والے اثر کو کم کیا جا سکے۔

صارفین کی جانب سے انٹرنیٹ بندش کی رپورٹس کو ٹریک کرنے والی ویب سائٹ ڈاؤن ڈیٹیکٹر نے ویزا، اے ڈی ٹی سیکیورٹی، ایمیزون اور امریکی ایئرلائنز کی سروسز متاثر ہونے کو ریکارڈ کیا ہے۔

خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق امریکن ایئرلائنز، ڈیلٹا ایئرلائنز، یونائیٹڈ ایئرلائنز اور الیجنٹ ایئر نے مواصلاتی مسائل کا حوالہ دیتے ہوئے اپنی پروازیں گراؤنڈ کردیں۔

ان کمپنیوں کی جانب سے پروازیں گراؤنڈ کرنے کا حکم مائیکروسافٹ کے اس اعلان کے بعد سامنے آیا جس میں کمپنی کا کہنا تھا کہ وہ کلاؤڈ سروسز کی بندش کو حل کرنے کی کوشش کر رہا ہے جس سے کئی کم قیمت والی ایئر لائنز کے آپریشنز متاثر ہوئے ہیں۔

یونائیٹڈ ایئرلائن کا ایک بیان میں کہنا تھا کہ ایک تھرڈ پارٹی سافٹ ویئر کی بندش نے یونائیٹڈ سمیت دنیا بھر میں کمپیوٹر سسٹمز کو متاثر کیا ہے۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here