بلوچستان کے علاقے مچھ میں گذشتہ روز بلوچ یکجہتی کمیٹی کے زیر اہتمام کالا گراؤنڈ میں دالبندین میں بلوچ نسل کشی کے خلاف ہونے والی 25 جنوری کے جلسے عام کے سلسلے میں عوامی رابطہ مہم کا آغاز کے سلسلے میں ایک اہم اجتماع ہوا۔
اجتما ع میں مچھ کے عوام نے بلوچستان میں جاری بلوچ نسل کشی ،جبری گمشدگی ونقل مکانی، اغوا، ماورائے عدالت قتل اور ریاستی جبر کے خلاف اتحاد واتفاق کا مظاہرہ کیا۔
اس اجتماع کا مقصد عوام میں بیداری پیدا کرنا اور 25 جنوری 2025 کو ہونے والے پروگرام کے لیے حمایت کو متحرک کرنا تھا، جو بلوچ نسل کشی کے خلاف آواز اٹھائے گا اور احتجاج کرے گا۔
اس سلسلے میں بی وائی سی کا کہنا تھا کہ عوامی اجتماع کے بعد سیوی میں بلوچ نسل کشی کے حوالے سے آگاہی پروگرام کا انعقاد کیا گیا۔جس کا مقصد مظلوموں کی آواز کو بلند کرنا اور بلوچ نسل کشی کے خلاف انصاف اور احتساب کا مطالبہ کرنا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ سیوی میں شرکاء نے تحریک کے ساتھ اظہار یکجہتی کیا اور مچھ اور سیوی میں موبائل نیٹ ورک بند کر دیا گیا جو کہ آزادی اظہار کی صریحاً خلاف ورزی ہے۔