پاکستان میں عید الفطر اتوار کو منانے کا اعلان کردیا گیا

0
264

پاکستان کے مرکزی رویت ہلال کمیٹی نے شوال کا چاند نظر آنے اور عیدالفطر 24 مئی بروز اتوار منانے کا اعلان کردیا۔

کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مفتی منیب الرحمٰن نے کہا کہ ‘پاکستان میں بیشتر مقامات پر مطلع صاف تھا، چمن اور پسنی سے چاند دیکھے جانے کی شہادتیں موصول ہوئیں، دیگر مقامات سے بھی چاند دیکھے جانے کی شہادتیں موصول ہوئیں۔’

انہوں نے کہا کہ ‘شہادتیں کافی موصول ہوئیں جن میں سے چند پر ہم نے اعتبار نہیں کیا، شہادتوں کا ہر پہلو سے جائزہ لینے کے بعد ہم نے فیصلہ کیا کہ شوال کا چاند نظر آگیا ہے اور عید الفطر 24 مئی بروز اتوار ہوگی۔’

ان کا کہنا تھا کہ ‘یہ چاند بہت حساس تھا کیونکہ جنوبی علاقوں میں امکان رویت موجود تھا اس لیے اس طرف زیادہ توجہ دی گئی۔’

مفتی منیب الرحمٰن نے وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ‘فواد چوہدری کی کوئی حیثیت نہیں ہے، ہم شریعت کے پابند ہیں، انہوں نے گزشتہ ماہ بھی چاند سے متعلق بتایا تھا لیکن ہم نے شریعت کے مطابق فیصلہ کیا۔’

انہوں نے کہا کہ ‘فواد چوہدری کو دین میں مداخلت نہیں کرنی چاہیے، ہم ان کی دین میں مداخلت کی شدید مذمت کرتے ہیں اور ہم وزیر اعظم عمران خان سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ فواد چوہدری کو اس سے روکیں۔’

ان کا کہنا تھا کہ ‘وفاقی وزیر نے ایک ماہ قبل کہا تھا کہ ہم چاند پر لوگ بھیجیں گے تو وہ اس کام پر لگ جائیں، انہوں نے عالمی معیار کے وینٹی لیٹرز بنا کر دنیا بھر میں برآمد کرنے کی بات کی تو وہ یہ کرکے دکھا دیں، ان کی کچھ محرومیاں اور مایوسی ہے اس کے لیے دین کو نشانہ نہ بنائیں۔’

چیئرمین مرکزی رویت ہلال کمیٹی نے کہا کہ ‘نہ جانے کابینہ میں کیا مسئلہ ہے کہ ایک وزیر کا رخ کسی طرف ہوتا تو دوسرے کا کسی دوسری طرف، فواد چوہدری پر ان کی اپنی وزارت تک محدود رہنے کی پابندی لگنی چاہیے۔’

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here