پاکستانی وزیر اعظم شہباز شریف کادورہ گوادر،متاثرینکیلئے 40 کروڑ کااعلان

0
99

پاکستان کے وزارت عظمیٰ کا منصب سنبھالنے کے بعد وزیرِ اعظم شہباز شریف پہلے دورے پر بلوچستان کے سیلاب زدہ علاقے آج گوادر پہنچے ہیں۔

ریاستی میڈیا کے مطابق گوادر میں شہبازشریف نے سیلاب متاثرین سے ملاقات کی اور صورتحال دریافت کی جبکہ علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ کسی بھی متاثرین کے ساتھ ملاقات کا شوشہ چھوڑا جارہا ہے جبکہ ملاقات میں لائے گئے افراد چند مخصوص لوگ تھے انہیں محض میڈیا کیلئے فوٹو سیشن کیلئے استعمال کیا گیا۔

ریاستی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ گوادر دورے کے دوران شہباز شریف نے طوفانی صورتحال کے پیش نظر گوادر کے لیے بڑے پیمانے پر امدادی فنڈ کا اعلان کیاہے۔

میڈیا دعوے کے مطابق شہباز شریف نے کہا کہ تباہ کشتیوں کے ازالے کے لیے 40کروڑ روپے جاری کئے جا رہے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ جن کے گھر مکمل تباہ ہو گئے ہیں ان کو 7لاکھ 50ہزار اور جزوی تباہ مکان والے خاندانوں کو ساڑھے 3لاکھ دیے جائیں گے اور بارشوں میں جاں بحق افراد کے لواحقین کو 20،20 لاکھ روپے دیے جائیں گے۔

میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ نو منتخب وزیر اعظم پاکستان نے کہا تھا کہ متاثرین گوادر کے اپنے گھروں میں واپس آباد ہونے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔

واضع رہے کہ شہباز شریف کا استقبال کٹھ پتلی وزیر اعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے کیا۔

ریاستی میڈیا کے مطابق شہباز شریف نے متاثرین سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ متاثرین کی مدد میں کسی قسم کی کوتاہی نہیں برتیں گے۔ جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے گوادر کی عوام کی مدد کریں گے۔

میڈیا دعوئوں کے مطابق شہباز شریف نے امدادی کیمپ میں مقیم متاثرہ خاندانوں میں امدادی اشیاء کی تقسیم بھی کی۔

ریاستی میڈیا کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم کو چیئرمین این ڈی ایم اے نے گوادر اور جنوبی بلوچستان میں بارشوں سے نقصانات، امدادی کارروائیوں پر بریفنگ دی۔

اس موقع پروزیر اعظم نے کہا کہ متاثرہ مواصلانی ڈھانچے کی بحالی، املاک کے نقصانات پر رپورٹ پیش کی جائے۔

انہوں نے مزید کہا کہ میں یہاں مدد کیلئے آیا ہوں، امداد میں کوئی کسر نہیں چھوڑیں گے۔

شہباز شریف کے اس دورے میں ن لیگی رہنما عطا تارڑ بھی شریک تھے۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here