بھارت میں تبدیلی مذہب کیسز میں سینکڑوں افراد گرفتار

0
243

بھارت کے ریاست اترپردیش میں دو برس قبل ‘غیر قانونی تبدیلی مذہب کی روک تھام کا قانون’ نافذ ہونے کے بعد سے اب تک 291 کیسز میں 507 گرفتاریاں ہو چکی ہیں۔ لیکن عدالت میں اب تک کوئی قصوروار نہیں پایا گیا۔

اتر پردیش میں ہندو قوم پرست جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کی حکومت نے اپنی ایک رپورٹ میں بتایا ہے کہ ”غیر قانونی تبدیلی مذہب روک کی تھام قانون” کے نافذ العمل ہونے کے دو برس کے بعد اب تک مبینہ غیر قانونی تبدیلی مذہب کے 291 کیسز درج کرائے گئے اور اس کیتحت 507 افراد کو گرفتار کیا گیا۔ تاہم اب تک کسی بھی کیس میں ملزمین کو سزا نہیں ہوئی ہے۔

ریاستی حکومت کے مطابق تمام کیسز متعلقہ عدالتوں میں زیر التوا ہے حالانکہ 291 کیسز میں سے 150 میں متاثرین نے دعویٰ کیا ہے کہ ان کا مذہب زبردستی تبدیل کرایا گیا۔

اترپردیش میں یوگی ادیتیہ ناتھ حکومت نے27 نومبر 2020 کو غیر قانونی تبدیلی مذہب کی روک تھام کا قانون نافذ کیا تھا۔ تاہم تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ اس قانون کا مسلمانوں اور مسیحی فرقے کے افراد کو ہراساں کرنے کے لیے بڑے پیمانے پر استعمال کیا جا رہا ہے۔

اس قانون کے تحت جبراً تبدیلی مذہب کرانے کا قصوروار پائے جانے والے شخص کو جرم کی نوعیت کی سنگینی کی بنیاد پر 10 برس تک قید اور 15 سے 50 ہزار روپے جرمانے کی سزا ہوسکتی ہے۔ اس قانون کے تحت انفرادی طور پر کسی کا جبراً مذہب تبدیل کرانے پر پانچ برس قید اور کم از کم 15ہزار روپے جرمانہ عائد کیا جاسکتا ہے جب کہ اجتماعی تبدیلی مذہب کا قصوروار پائے جانے پر تین سے 10 برس قید اور 50 ہزار روپے جرمانہ کی سزا ہوسکتی ہے۔

بھارت میں تبدیلی مذہب ہندوؤں کے لیے بابری مسجد، یکساں سول کوڈ اور دفعہ 370 جیسا ہی جذباتی معاملہ ہے اور بی جے پی اپنے سیاسی مقاصد کے حصول کے لیے برسوں سے اس کا استعمال کرتی رہی ہے۔ جب کہ شدت پسند ہندو تنظیمیں فرقہ وارانہ اختلافات پیدا کرنے کے لیے اس کا استحصال کرتی رہتی ہیں۔

معروف ماہرقانون اور نیشنل لایونیورسٹی حیدرآباد کے سابق وائس چانسلر فیضان مصطفی کا کہنا ہے کہ تبدیلی مذہب کا معاملہ بی جے پی کے انتخابی منشور میں تقریباً دو دہائیوں سے شامل ہے۔ اس لیے مختلف ریاستوں میں اقتدار میں آنے کے ساتھ ہی اس نے تبدیلی مذہب کی روک تھام کا سخت قانون نافذ کرنا شروع کردیا۔

فیضان مصطفی بتاتے ہیں کہ جنوری 2021 میں بی جے پی کی حکومت والی مدھیہ پردیش ریاست نے تبدیلی مذہب قانون نافذ کرنے کے 23 دن کے اندر مبینہ جبرا ً مذہب تبدیل کرانے کے 23 کیسز درج کیے۔ حالانکہ ان میں سے ایک بھی کیس منطقی انجام کو نہیں پہنچ سکا۔

ہندو شدت پسند تنظیموں کا دعویٰ ہے کہ مسلم اور مسیحی تنظیمیں ہر برس ہزاروں ہندوؤں اور بالخصوص قبائلیوں کا مذہب تبدیل کراتی ہیں۔ حالانکہ وہ اس کا کوئی ثبوت کبھی فراہم نہیں کرپاتی ہیں۔

ایسا نہیں ہے کہ بھارت میں صرف ہندو یا قبائلی ہی اپنا مذہب تبدیل کرتے ہیں۔ ہندو تنظیمیں بالخصوص سنگھ پریوار سے وابستہ متعدد تنظیمیں مسلمانوں کا مذہب تبدیل کرانے میں سرگرم ہیں۔

سن 2014 میں آگرہ میں 57 مسلم کنبوں کے 200 سے زائد افراد نے ہندو دھرم اختیار کیا تھا۔ اسی طرح سن 2021 میں ہریانہ میں 300 مسلمانوں نے مذہب تبدیل کرکے ہندو دھرم اپنا لیا تھا۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here