ٹوئٹر نے ایک ای میل میں کہا کہ اس کے تمام دفاتر عارضی طور پر بند اور ان میں رسائی کے لیے استعمال ہونے والے بیجز معطل رہیں گے۔ جمعے کی صبح نو بجے تک ملازمین کو آگاہ کر دیا جائے گا کہ انہیں فارغ کیا جا رہا ہے یا نہیں؟
ایلون مسک کے ٹوئٹر کے نئے مالک بننے کے بعد اس کے مستقبل کے حوالے سے تقریباً ایک ہفتے تک غیر یقینی صور تحال کے بعد آج جمعے کو کمپنی کے ملازمین کو آگاہ کر دیا جائے گا کہ انہیں نکالا جا رہا ہے یا نہیں۔ اس دوران کمپنی کے تمام دفاتر عارضی طور پر بند رہیں گے اور وہاں ملازمین کی رسائی بھی نہیں ہو سکے گی۔
امریکی اخبار واشنگٹن پوسٹ اور نیویارک ٹائمز نے دعویٰ کیا ہے کہ ٹوئٹر کے ساڑھے سات ہزار ملازمین میں سے آدھے فارغ کر دیئے جائیں گے۔
خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق سوشل میڈیا کمپنی نے اپنے عملے کو جمعرات کے روز بھیجے گئے ایک ایک ای میل میں کہا ہے کہ وہ جمعے کو صبح نو بجے تک ملازمین کو برطرفیوں کے بارے میں بتا دے گی۔
روئٹرز کی جانب سے دیکھی گئی ای میل میں کہا گیا کہ ”ٹوئٹر کو صحت مند راستے پر لانے کی کوشش میں ہم جمعے کو دنیا بھر میں اپنی افرادی قوت کو کم کرنے کے مشکل عمل سے گزریں گے۔”
ٹوئٹر نے کہا کہ اس کے دفاتر عارضی طور پر بند رہیں گے اور اندر جانے کے لیے استعمال ہونے والے تمام بیجز کے ذریعے رسائی بھی معطل کر دی جائے گی تاکہ ہر ملازم، ٹوئٹر سسٹم اور صارفین کے ڈیٹا کی حفاظت کو یقینی بنانے میں مدد ملے۔
اس سوشل میڈیا پلیٹ فارم نے کہا ہے کہ جن ملازمین کو برطرف نہیں کیا جائے گا، انہیں ان کے ای میل ایڈریس پر مطلع کر دیا جائے گا۔ اور جن ملازمین کو فارغ کیا گیا ہے انہیں ان کے ذاتی ای میل ایڈریس پر مستقبل کا لائحہ عمل بتا دیا جائے گا۔
ایلون مسک نے ٹوئٹر کے اخراجات میں کمی پر زور دیتے ہوئے اس سوشل میڈیا کمپنی میں کام کے نئے جارحانہ اخلاقیات کو نافذ کیا تھا۔
انہوں نے کمپنی کا کنٹرول سنبھالتے ہی اس کے چیف ایگزیکیوٹیو، مالیات اور قانونی امور کے عہدیداروں اور سینیئر رینک کے عہدیداروں کو پہلے ہی فارغ کر دیا ہے۔
ان کے علاوہ کمپنی کے ایڈورٹائزنگ، مارکیٹنگ اور ہیومن ریسورس شعبوں کے دیگر افراد بھی گزشتہ ایک ہفتے کے دوران چلے گئے۔
دو ملازمین نے روئٹرز کو بتایا کہ جیسے ہی ای میل ٹوئٹر ملازمین کے ان باکسز میں پہنچی، اس کے کچھ ہی دیر بعد سینکڑوں افراد الوادع کہنے کے لیے کمپنی کے ‘سلیک’ چینلز پر آگئے۔ ذرائع نے بتایا کہ کسی نے ایلون مسک کو بھی چینل میں شامل ہونے کی دعوت دی۔
ٹوئٹر نے جمعرات کو بھیجے گئے ای میل میں کہا کہ، ”اگر آپ کسی دفتر میں ہیں یا دفتر جارہے ہیں تو براہ کرم گھر واپس چلے جائیں۔”
اس معاملے سے واقف دو ذرائع اور روئٹرز کے ذریعہ دیکھے گئے ایک پیغام کے مطابق ایلون مسک نے ٹوئٹر انکارپوریشن کی ٹیموں کو ہدایت دی ہے کہ وہ بنیادی ڈھانچے کی لاگت میں سالانہ ایک ارب ڈالر تک کی کمی کریں۔
ٹوئٹر کا کنٹرول سنبھالنے کے بعد ایلون مسک نے کہا تھا کہ وہ ٹوئٹر پر اسپام بوٹس کو’شکست’ دینا چاہتے ہیں۔ اور ان کا مقصد اس پلیٹ فارم کو نفرت اور تقسیم کی آماجگاہ بننے سے روکنا ہے جبکہ وہ خود سینسر شپ کو محدود پیمانے تک لے جا رہے ہیں۔