کشمیر کی ترقی کا سفر گلگت بلتستان پہنچ کر ہی مکمل ہو گا، بھارت

0
204

بھارت کے وزیرِ دفاع راج ناتھ سنگھ نے پاکستان کے زیر قبضہ کشمیر کے عوام کو ہراساں کرنے کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ آرٹیکل 370 کے خاتمے کے بعد کشمیر میں شروع ہونے والا ترقی کا سفر اس وقت مکمل ہو گا جب ہم گلگت بلتستان پہنچیں گے۔

جمعرات کو بھارت کے زیرِ انتظام کشمیر کے ضلع بڈگام میں بھارتی فوج کی جانب سے منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اُنہوں نے کہا کہ لداخ سمیت ریاست کے دونوں حصوں کی مجموعی ترقی اور جمہوریت کی بالا دستی کا ہدف اسی وقت مکمل ہوگا جب ہم گلگت اور بلتستان پہنچیں گے۔

راج ناتھ سنگھ نے فروری 1994 میں پاس کی گئی اُس قرارداد کا بھی حوالہ دیا جس میں ریاست جموں و کشمیر کو مکمل طور پر بھارت کا حصہ قرار دیا گیا تھا۔

اُنہوں نے کہا کہ بھارتی حکومت اس قرارداد کے تحت پاکستان کے زیرقبضہ کشمیر کی بازیابی کے وعدے پر بھی قائم ہے۔

اُنہوں نے کہا کہ پاکستان اپنے زیرقبضہ کشمیر میں نفرت کے بیج بو رہا ہے۔ وہاں کے لوگوں کو تمام بنیادی حقوق سے محروم رکھا گیا ہے جس سے ہم بے خبر نہیں ہے۔

راج ناتھ سنگھ کا کہنا تھا کہ بھارت کا ہر شہری پاکستان کے زیر قبضہ کشمیر کے لوگوں کے درد کو محسوس کرتا ہے، ہمیں وہاں کی صورتِ حال پر تشویش ہے۔

بھارتی وزیرِ دفاع کے اس بیان پر تاحال پاکستان کی جانب سے کوئی ردِعمل سامنے نہیں آیا۔ تاہم ماضی میں ایسے الزامات کی پاکستان تردید کرتا رہا ہے۔

بھارتی وزیرِ دفاع نے مزید کہا کہ کشمیر میں گزشتہ تین دہائیوں کے دوران اُن کے بقول جو دہشت گردی اور خون ریزی دیکھنے میں آئی اسے کئی لوگوں نے مذہب کے ساتھ جوڑنے کی کوشش کی۔

راج ناتھ سنگھ بڈگام میں جس تقریب سے خطاب کررہے تھے وہ کشمیر میں بھارتی فوج کی آمد کی 75 ویں سالگرہ کی مناسبت سے منعقد کی گئی تھی۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here