یوکرائن پر حملہ کرنے کا ہمارا کوئی ارادہ نہیں، روس

0
193

جنیوا میں روس اور امریکا کے مابین یوکرائن کے تنازعے پر پیر کے روز آٹھ گھنٹے تک چلنے والی بات چیت کے بعد فریقین کشیدگی کو کم کرنے کے اقدامات جاری رکھنے پر رضامند ہوگئے۔ تاہم کسی اہم پیش رفت کی کوئی علامت نظر نہیں آئی۔

بتایا جارہا ہے کہ اس وقت بھی تقریباً ایک لاکھ روسی فوج یوکرائن کی سرحد کے قریب موجود ہے، جس کی وجہ سے روس کی جانب سے حملہ اور مغرب کی طرف سے جوابی کارروائی کا خدشہ لاحق ہے۔ امریکا کا کہنا ہے کہ اگر روس نے یوکرائن پر حملہ کیا تو اس کے خلاف پابندیاں عائد کردی جائیں گی۔ دوسری طرف روس نے بھی دھمکی دیتے ہوئے کہا کہ امریکا مغرب کے ساتھ ماسکو کے تصادم کے نتیجے میں پیدا ہونے والے خطرات کونظر انداز نہ کرے۔

روس کے نائب وزیر خارجہ سرگئی ریابکوف نے میٹنگ کے بعد نامہ نگاروں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا، ”ہم نے اپنے رفقاء کار پر یہ واضح کردیا ہے کہ یوکرائن پر حملہ کرنے کا نہ تو کوئی منصوبہ ہے اور نہ ہی کوئی ارادہ۔”

انہوں نے کہا کہ روس نے اپنے امریکی ہم مناصب سے کہا ہے کہ فوجیوں اور فورسز کی تربیت کے حوالے سے جو اقدامات کیے جا رہے ہیں وہ ہمارے اپنے علاقے کے اندر ہیں اور ”اس سلسلے میں صورت حال بگڑنے کے حوالے سے خوفزدہ ہونے کی کوئی وجہ نہیں۔”

امریکا کی نائب وزیر خارجہ وینڈی شیرمن نے کہا کہ بات چیت ”صاف صاف اور واضح انداز ”میں ہوئی۔ اس کا مقصد ایک دوسرے کی سیکورٹی کے حوالے سے تشویش کوبہتر طور پر سمجھنا تھا۔

روسی نمائندے اس ہفتے نیٹو اور یورپ میں سلامتی اور تعاون کی تنظیم (او ایس سی ای) کے وفود سے بھی ملاقات کرنے والے ہیں۔

روسی نائب وزیر خارجہ نے کہا کہ امریکا کے ساتھ بات چیت ”مشکل” اور ”پروفیشنل”رہی۔ تاہم انہوں نے کہا کہ امریکا کے موقف سے ہمیں ”کوئی حیرت نہیں ہوئی۔”

ریابکوف کا کہنا تھا،”ہمیں کچھ دھمکیاں اور وراننگ دی گئیں… ہم نے اپنے رفقاء کار سے کہا کہ یوکرائن پر حملے کا ہمارا کوئی منصوبہ نہیں ہے۔” انہوں نے مزید کہا، ”اس معاملے میں صورتحال حال کے خراب ہونے کے حوالے سے خوف کی کوئی بنیاد نہیں۔”

امریکی نائب وزیر خارجہ اینڈی شیرمن کا کہنا تھا کہ پیر کے روز ہونے والی بات چیت سے یہ واضح نہیں ہے کہ آیا ماسکو فوج کی واپسی کے حوالے سے کوئی وعدہ کرے گا۔

شیرمن نے نامہ نگاروں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا، ”میں نہیں سمجھتی کہ ہمیں اس کا جواب معلوم ہے۔ ہم نے یہ بالکل صاف کردیا ہے کہ فوج کی واپسی کے بغیر تعمیری، ثمر آور اور کامیاب سفارت کاری بہت مشکل ہے۔”

انہوں نے مزید بتایا کہ امریکی وفد نے روس کے اس مطالبے کو مسترد کردیا کہ نیٹو اس بات کی ضمانت دے کہ وہ مشرق کی جانب اپنی توسیع روک دے گا۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here