بہاول نگر میں یوم عاشورکے جلوس میں دھماکا،3افراد ہلاک

0
195

پاکستان کے صوبہ پنجاب کے جنوبی شہر بہاول نگر میں یوم عاشور کے جلوس میں دھماکے میں تین افراد ہلاک اور کم سے کم 30 زخمی ہو گئے ہیں۔ زخمیوں میں دو کی حالت تشویش ناک بتائی جاتی ہے۔

پنجاب کے وزیرداخلہ اور قانون راجا بشارت نے بتایا ہے کہ ایک شخص نے جمعرات کی صبح دس بجے کے قریب بہاول نگر کی مہاجر کالونی میں جامع مسجد کے قریب سے گزرنے والے جلوس پر دستی بم پھینکا تھاجس کے پھٹنے سے دھماکا ہوا ہے۔پولیس نے اس مشتبہ حملہ آور کو حراست میں لے لیا ہے اور اس سے پوچھ تاچھ جاری ہے۔

دھماکے میں 26زخمی افراد کوبہاول نگر کے ضلعی ہیڈکوارٹر اسپتال میں منتقل کردیا گیا ہے اورچار شدید زخمیوں کو بہاول پور کے بہاول وکٹوریہ اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے جہاں ان میں سے دو کی حالت تشویش ناک بتائی جاتی ہے۔بعض غیر مصدقہ اطلاعات کے مطابق اس دھماکے میں ہلاک ہونے والوں کی تعداد پانچ ہوگئی ہے۔

پنجاب حکومت نے اس واقعے کے بعد بہاول نگر میں رینجرز کو تعینات کردیا ہے اور مزید تفتیش جاری ہے۔دریں اثنا وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے سیف سٹی اتھارٹی میں اعلیٰ سطح کے اجلاس کی صدارت کی۔انھوں نے محکمہ انسداد دہشت گردی کوبہاول نگر دھماکے تحقیقات مکمل کرنے کے بعد رپورٹ پیش کرنے کا حکم دیا ہے۔

پاکستان بھر کے تمام چھوٹے اور بڑے شہروں میں یوم عاشور کے جلوسوں کے لیے سخت حفاظتی انتظامات کیے گئے تھے۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here