بلوچستان کے مرکزی شہر کوئٹہ میں پریس کلب میں مولانا قاری مہراللہ، مولانا علاءالدین سارنگزئی، مولانا سمیع اللہ، مولانا رحمت اللہ حقانی، مولانا عزیز اللہ اور مولانا رمضان ہاشمی و دیگر علماء کرام نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان سے لاتعلقی کا اظہار کردیا۔
علماء نے دینی مدارس کو سیاسی جماعتوں کے اثر و رسوخ سے آزاد رکھنے، ان کی خودمختاری اور غیر سیاسی حیثیت برقرار رکھنے پر زور دیا ہے۔
پریس کانفرنس میں جاری اعلامیے کے مطابق علماء کا کہنا تھا کہ دینی مدارس کا بنیادی مقصد قرآن و سنت کی تعلیم، دینی تربیت اور اخلاقی اقدار کا فروغ ہے۔ مدارس کو کسی سیاسی جماعت یا گروہ کے مفادات کے لیے استعمال نہیں ہونا چاہیے۔
اعلامیے میں کہا گیا کہ دینی مدارس کو سیاسی جماعتوں کی ذیلی تنظیموں کے طور پر پیش کرنا یا انہیں سیاسی مقاصد کے لیے استعمال کرنا درست نہیں۔ مدارس کی اپنی مستقل دینی، تعلیمی اور انتظامی حیثیت ہے، جسے برقرار رکھنا ضروری ہے۔
علماء نے واضح کیا کہ مدارس کے طلبہ کو سیاسی احتجاج، جلسوں، جلوسوں، انتخابی مہمات اور سیاسی تصادم میں استعمال نہیں کیا جانا چاہیے۔ طلبہ کی اصل ذمہ داری تعلیم حاصل کرنا اور اپنے علمی و دینی مستقبل کو بہتر بنانا ہے۔
اعلامیے میں حکومت سے مطالبہ کیا گیا کہ دینی مدارس کے معاملات میں یکطرفہ فیصلوں کے بجائے متعلقہ علماء، مدارس کی قیادت اور تعلیمی وفاقوں کو اعتماد میں لیا جائے۔ مدارس کی رجسٹریشن، نصاب اور انتظامی معاملات کو باہمی مشاورت سے حل کیا جائے۔
علماء نے کہا کہ دینی مدارس کے طلبہ کو تعلیمی اسناد کی منظوری، اعلیٰ تعلیم اور روزگار کے مواقع سے محروم نہیں رکھا جانا چاہیے۔ حکومت کو چاہیے کہ مدارس کے فارغ التحصیل طلبہ کے لیے تعلیمی اور پیشہ ورانہ مواقع فراہم کرے۔
پریس کانفرنس کے اعلامیے میں مزید کہا گیا کہ دینی مدارس کی آزادی، مذہبی تشخص اور انتظامی خودمختاری کا تحفظ ضروری ہے اور ان کے معاملات کو سیاسی کشمکش کا حصہ بنانے سے گریز کیا جائے۔
علماء نے اپنے مؤقف میں اس بات پر بھی زور دیا کہ مدارس کو کسی بھی سیاسی جماعت کے ساتھ منسلک کرنے کے بجائے ان کی آزادانہ دینی و تعلیمی حیثیت تسلیم کی جائے۔پریس کانفرنس میں مولانا فضل الرحمان سے لاتعلقی کے اعلان کو بھی اسی مؤقف کا حصہ قرار دیا گیا۔
جمعیت علمائے اسلام نظریاتی کے صوبائی امیر مولانا قاری مہراللہ سمیت ممتاز علمائے کرام، مہتممین دینی مدارس اور شیوخ الحدیث نے کہا ہے کہ دینی مدارس خودمختار تعلیمی ادارے ہیں اور انہیں کسی سیاسی یا مذہبی جماعت کی جاگیر یا سیاسی مقاصد کیلئے استعمال ہونے نہیں دیا جائے گا، مدارس سیاسی تصادم سے مکمل لاتعلق ہیں اور طلبہ کو کسی کے ذاتی و سیاسی مفادات کیلئے میدان میں اتارنے کی اجازت نہیں دیں گے۔
پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ملک میں جاری سیاسی بے یقینی اور تصادم کی صورتحال پر مشترکہ اعلامیہ جاری کیا۔
انہوں نے کہا کہ حالیہ سیاسی کشیدگی میں ایک طرف دینی مدارس کو دباؤ میں لانے کی کوششیں کی جارہی ہیں جبکہ دوسری جانب بعض عناصر مدارس کے طلبہ کو اپنے سیاسی اور ذاتی مفادات کیلئے استعمال کرنا چاہتے ہیں، جسے کسی صورت قبول نہیں کیا جائے گا۔
یہ پیش رفت ایک ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب مولانا فضل الرحمان کی جانب سے عسکری حکام کے خلاف حالیہ بیان بازی کا سلسلہ جاری ہے۔