بلوچستان کے مرکزی شہر کوئٹہ سے پاکستانی فورسز اور سی ٹی ڈی کے ہاتھوں مزید2 افراد کی جبری گمشدگی کے واقعات سامنے آئے ہیں، جبکہ نوشکی سے چند روز قبل لاپتہ ہونے والا ایک نوجوان بازیاب ہو کر گھر پہنچ گیا ہے۔
بلوچ یکجہتی کمیٹی (بی وائی سی) کی جانب سے جاری کردہ ڈیٹاکے مطابق 13 نومبر 2026 کو رات ایک بجے کوئٹہ کے علاقے عوامی پمپ سریاب مل میں گھروں پر چھاپوں کے دوران دو افراد کو حراست میں لینے کے بعد لاپتہ کر دیا گیا۔
لاپتہ کیے جانے والوں میں 40 سالہ پیشے کے لحاظ سے ڈرائیور غلام سرور ولد بالاچ بلوچ اور 18 سالہ طالب علم کامران بلوچ ولد عبدالغفور شامل ہیں، جن دونوں کا تعلق عوامی پمپ سریاب مل کوئٹہ سے ہے۔
بی وائی سی کے مطابق دونوں افراد کو کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) کے اہلکاروں نے گھروں سے حراست میں لیا جس کے بعد سے ان کا کوئی سراغ نہیں مل سکا ہے۔
دوسری جانب نوشکی کے علاقے کلی شریف خان سے جبری طور پر لاپتہ کیے جانے والے نوجوان محمد ابراہیم ولد گل محمد بازیاب ہو کر اپنے گھر پہنچ گئے ہیں۔
بلوچ یکجہتی کمیٹی کے مطابق محمد ابراہیم کو 11 نومبر 2026 کو لاپتہ کیا گیا تھا، جنہیں ایک ہفتے کی گمشدگی کے بعد 18 نومبر کو نوشکی میں رہا کر دیا گیا۔