نوشکی و سوراب میں فوجی کیمپوں پر بی ایل اے کے حملے، دالبندین میں فوجی اہلکار و انجینئرز زیر حراست، مائننگ سائٹ نذرآتش

ایڈمن
ایڈمن
5 Min Read

بلوچ لبریشن آرمی( بی ایل اے) کے ترجمان جیئند بلوچ نے میڈیا کو جاری بیان میں نوشکی اور سوراب میں فوجی کیمپوں پر زمینی وفضائی حملے اور دالبندین میں مائننگ سائٹ نذرِ آتش کرنے سمیت پاکستانی فوج کے سابق اہلکاروں اور انجینئرز کو حراست میں لینے کی ذمہ داری قبول کرلی۔

ترجمان کے مطابق بلوچ لبریشن آرمی کے سرمچاروں نے بلوچستان کے مختلف علاقوں چاغی، سرلٹ، خضدار، سوراب، پنجگور اور نوشکی میں 11 کارروائیاں کیں، جن میں استحصالی کمپنی کی سائٹ اور قابض فوج کے مرکزی کیمپ پر کنٹرول اور معاشی ناکہ بندی کے تحت مرکزی شاہراہوں پر کنٹرول شامل ہیں، جبکہ فضائی حملوں میں دشمن کو بھاری نقصانات پہنچائے گئے اور قابض فوج کے سابق اہلکاروں سمیت انجینئرز کو حراست میں لیا گیا۔

بیان میں کہا گیا کہ 18 نومبر کو چاغی، دالبندین میں خرگوشکان کے مقام پر سرمچاروں نے استحصالی کمپنی کی سائٹ پر کنٹرول حاصل کیا جہاں بلوچ وسائل کی لوٹ مار کے لیئے مائننگ کی جا رہی تھی۔ سرمچاروں نے سائٹ پر موجود تمام بھاری مشینری و سامان کو نذرِ آتش کر دیا جبکہ سائٹ کو سکیورٹی فراہم کرنے والے قابض فوج کے سابق اہلکاروں ثواب جان سکنہ میانوالی، پنجاب، ساحل محمد سکنہ دریائی، پشاور، مبارک خان سکنہ اوستہ محمد، بلوچستان اور سندھ رینجرز کے سابق اہلکار عبدالمرجان سکنہ میانوالی، پنجاب کو حراست میں لے کر سولہ ہتھیار اور دیگر جنگی سامان تحویل میں لے لیا۔ سرمچاروں نے سائٹ پر موجود ایک جیولوجسٹ (ماہرِ ارضیات) سمیت کمپنی کے مزید تین اہلکاروں کو بھی حراست میں لیا جن سے مزید تفتیش جاری ہے۔

انہوں نے کہا کہ اسی روز سرلٹ کے مقام پر سرمچاروں نے قابض فوج کی جانب سے مختلف اوقات میں زیرِ استعمال ایک کیمپ کو دھماکہ خیز مواد نصب کرکے مکمل تباہ کر دیا۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ 19 نومبر کو خضدار، وڈھ میں کراڑو کے مقام پر سرمچاروں نے آر سی ڈی شاہراہ کا کنٹرول سنبھال کر دو گھنٹوں تک اسنیپ چیکنگ کا عمل جاری رکھا اور اس دوران معدنیات لے جانے والی گاڑیوں سمیت دیگر تجارتی گاڑیوں کو نذرِ آتش کرکے تباہ کر دیا۔ قابض فوج نے مذکورہ مقام پر پیش قدمی کی کوشش کی جس کو سرمچاروں نے حملے میں نشانہ بنا کر پسپا کردیا، حملے میں دشمن کے دو اہلکار ہلاک اور کم از کم مزید تین زخمی ہوگئے۔

بیان میں کہا گیا کہ اسی روز سوراب، گدر میں فضائی یونٹ ‘قہر’ نے قابض فوج کے مرکزی کیمپ کو ڈرون حملے میں نشانہ بنایا جس میں دشمن کو مالی نقصانات کا سامنا کرنا پڑا۔

انہوں نے کہا کہ 20 نومبر پنجگور، رخشان میں سی پیک روٹ پر سرمچاروں نے کنٹرول حاصل کر کے دو گھنٹوں سے زائد وقت تک اسنیپ چیکنگ کا عمل جاری رکھا۔

ترجمان کے مطابق 21 نومبر کو نوشکی، ہژدہ خول کے مقام پر سرمچاروں نے قابض فوج کے مرکزی کیمپ کو شدید نوعیت کے حملے میں نشانہ بنایا، جبکہ مذکورہ مقام کی جانب پیش قدمی کرنے والے قابض فوج کے قافلوں کو دو مقامات پر حملوں میں نشانہ بنایا گیا؛ مزید برآں ایک مرکزی پل کو بھی تباہ کر دیا گیا۔ بی ایل اے کی فضائی یونٹ ‘قہر’ اور فتح اسکواڈ اس آپریشن کا حصہ تھے۔ اس حملے کے حوالے سے مزید تفصیلات جلد ہی میڈیا کو جاری کی جائیں گی۔

انہوں نے کہا کہ مزید برآں چاغی، چہتر میں سرمچاروں نے کوئٹہ تفتان تجارتی روٹ کا کنٹرول حاصل کر کے اسنیپ چیکنگ کا عمل جاری رکھا اور دو تجارتی گاڑیوں کو اپنی تحویل میں لے لیا۔

آخر میں ان کا کہنا تھا کہ بلوچ لبریشن آرمی واضح کرتی ہے کہ بلوچستان کے وسائل کی لوٹ مار میں شریک استحصالی منصوبے، ان کے سہولت کار اور قابض پاکستانی فوج کے ٹھکانے آئندہ بھی سرمچاروں کے نشانے پر رہیں گے، جبکہ معاشی ناکہ بندی کا عمل پوری شدت کے ساتھ جاری رکھا جائے گا۔ تنظیم اس عزم کا اعادہ کرتی ہے کہ قابض افواج اور ان کے مقامی و غیر مقامی آلہ کاروں کے مکمل خاتمے اور بلوچستان کی مکمل آزادی کے حصول تک یہ مزاحمتی جنگ مزید منظم اور مؤثر انداز میں جاری رہے گی۔

Share This Article