بلوچستان میں جبری گمشدگیوں کے خلاف وائس فار بلوچ مسنگ پرسنز (VBMP) کا احتجاجی کیمپ کوئٹہ پریس کلب کے سامنے 6426ویں روز بھی جاری رہا۔
اس موقع پر کامران خان کے لواحقین نے کیمپ میں شرکت کرکے ان کی عدم بازیابی کے خلاف احتجاج ریکارڈ کرایا۔
اہلِ خانہ کے مطابق کامران خان کو رواں سال یکم اپریل کو کوئٹہ کے علاقے کشمیر آباد سے ملکی اداروں کے اہلکاروں نے حراست میں لینے کے بعد نامعلوم مقام پر منتقل کردیا۔ ان کے کیس کے حوالے سے متعلقہ کمیشن اور اعلیٰ حکام سے بھی رابطہ کیا گیا، تاہم تاحال نہ ان کی گرفتاری کی وجوہات بتائی جا رہی ہیں اور نہ ہی خاندان کو ان کے بارے میں کوئی معلومات فراہم کی جا رہی ہیں، جس کے باعث اہلِ خانہ شدید ذہنی اذیت کا شکار ہیں۔
وی بی ایم پی کے چیئرمین نصراللہ بلوچ نے مطالبہ کیا کہ کامران خان سمیت تمام لاپتہ افراد کی بازیابی یقینی بنائی جائے۔ اگر کسی شخص پر کوئی الزام ہے تو اسے منظرِ عام پر لا کر عدالت میں پیش کیا جائے اور تمام قانونی تقاضے پورے کیے جائیں تاکہ متاثرہ خاندانوں کو اذیت اور بے یقینی سے نجات مل سکے۔