بلوچستان کے مستونگ کے علاقے کردگاپ میں پاکستانی فورسز کے فضائی و زمینی جارحیت کے دوران شدید بمباری اور گولہ باری سے متعدد گھروں اور دکانوں کو نذرِ آتش کر دیا گیا، جبکہ دوسری جانب نوشکی کے مختلف علاقوں میں مسلح افراد کی جانب سے فورسز کی چوکیوں اور قافلے پر شدید حملوں کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔
مقامی ذرائع کے مطابق ہفتہ کے روز علی الصبح پاکستانی فورسز نے کردگاپ کے علاقے گرگینہ، کلی پسند خان اور کفتاری میں فضائی اور زمینی جارحیت کا آغاز کرتے ہوئے شدید بمباری اور گولہ باری کی۔
اطلاعات کے مطابق بمباری اور فائرنگ کی زد میں آ کر درجنوں افراد کے ہلاک و زخمی ہونے کی خبریں ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ فورسز نے علاقے میں داخل ہو کر کلی پسند خان بازار کی درجنوں دکانوں اور مقامی آبادی کے متعدد گھروں کو آگ لگا دی، جس کے نتیجے میں شہریوں کی املاک مکمل طور پر تباہ ہو گئیں۔ علاقے میں تاحال فورسز کی گولہ باری جاری ہے جس کے باعث شدید خوف و ہراس کی فضا قائم ہے۔
دوسری جانب نوشکی کے پہاڑی علاقوں ہژدہ خول، ریکو اور کلی ہارونی کے مقام پر مسلح افراد کی بڑی تعداد نے پاکستانی فورسز کی چوکیوں اور قافلے پر حملے کیے ہیں۔
علاقائی ذرائع کے مطابق حملہ آوروں نے فورسز کی چوکیوں کو بھاری ہتھیاروں اور ڈرونز کے ذریعے نشانہ بنایا، جس کے بعد علاقے میں شدید دھماکوں اور فائرنگ کی آوازیں طویل دیر تک سنی جاتی رہیں۔ تاہم ان واقعات کے حوالے سے سرکاری سطح پر تاحال کوئی تفصیلات سامنے نہیں آ سکی ہیں۔