بلوچستان کے علاقے مستونگ اور نوشکی میں منگل کی علی الصبح اور گزشتہ شب پاکستانی سکیورٹی اور مواصلاتی نظام کو نشانہ بنانے کے دو الگ الگ واقعات پیش آئے ہیں، جن کے باعث کوئٹہ کراچی قومی شاہراہ پر ٹریفک معطل ہو گئی ہے جبکہ نوشکی میں فائرنگ اور دھماکوں کی اطلاعات موصول ہو رہی ہیں۔
پولیس کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق ضلع مستونگ کے علاقے کھڈ کوچہ میں انجیڑی کراس کے قریب رات تقریباً دو بجے نامعلوم افراد نے دھماکا خیز مواد نصب کر کے ایک اور پل کو اڑا دیا۔ زور دار دھماکے کے نتیجے میں پل مکمل طور پر تباہ ہو گیا ہے۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ پل کی تباہی کے سبب کوئٹہ کراچی قومی شاہراہ ہر قسم کی ٹریفک کے لیے مکمل طور پر بند ہو گئی ہے اور شاہراہ پر گاڑیوں کی آمدورفت معطل ہے۔ انتظامیہ اور حکام کی جانب سے مسافروں کو تکلیف سے بچنے کے لیے متبادل راستہ اختیار کرنے کی ہدایت کی جا رہی ہے۔
دوسری جانب ضلع نوشکی کے حساس علاقے ریڈ زون میں مسلح افراد کی جانب سے پاکستانی سکیورٹی فورسز پر حملے کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔
مقامی ذرائع کے مطابق علاقے میں شدید دھماکوں اور فائرنگ کی آوازیں سنی گئی ہیں۔
واقعے کے حوالے سے سرکاری سطح پر مزید تفصیلات سامنے آنا ابھی باقی ہیں، جبکہ سکیورٹی صورتِ حال کے پیشِ نظر علاقے میں کشیدگی پائی جاتی ہے۔