بلوچستان میں جبری گمشدگیوں کے خلاف وائس فار بلوچ مسنگ پرسنز (VBMP) کے زیرِ اہتمام کوئٹہ پریس کلب کے سامنے قائم احتجاجی کیمپ 6428ویں روز بھی جاری رہا، جس میں ندیم کرد کے لواحقین نے شرکت کرکے اپنا احتجاج ریکارڈ کرایا۔
لواحقین کے مطابق ندیم کرد کو 18 نومبر 2026 کو ضلع مستونگ کے علاقے دشت جلب گوندان میں واقع بنیادی مرکزِ صحت (BHU) سے دورانِ ڈیوٹی حراست میں لے کر نامعلوم مقام پر منتقل کیا گیا، جس کے بعد سے وہ لاپتہ ہیں۔ اس سے قبل بھی ندیم کرد جبری گمشدگی کا شکار رہ چکے ہیں۔
ندیم کرد کے اہلِ خانہ نے اعلیٰ حکام سے اپیل کی کہ ان کی باحفاظت بازیابی یقینی بنائی جائے اور اگر ان پر کوئی الزام ہے تو انہیں قانون کے مطابق عدالت میں پیش کرکے اہلِ خانہ کو ان کے بارے میں معلومات فراہم کی جائیں۔
اس موقع پر وی بی ایم پی کے چیئرمین نصراللہ بلوچ نے مطالبہ کیا کہ ندیم کرد کو فوری طور پر بازیاب کیا جائے، اگر ان کے خلاف کوئی الزام یا مقدمہ ہے تو انہیں متعلقہ عدالت میں پیش کرکے قانونی تقاضے پورے کیے جائیں۔ کسی بھی شہری کو حراست میں رکھنے کے بعد نامعلوم مقام پر منتقل کرنا اور اہلِ خانہ کو اس کی صورتحال سے بے خبر رکھنا بنیادی انسانی حقوق اور قانون کے تقاضوں کے منافی ہے۔
انہوں نے حکومت اور متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا کہ ندیم کرد کی گرفتاری اور موجودہ مقام سے متعلق اہلِ خانہ کو فوری طور پر آگاہ کیا جائے۔