گزشتہ روز پاکستانی فوج کے کرائے کے مسلح عناصر نے استاد منہاج مختار اور ان کے ساتھیوں پر حملہ کیا، جس کے نتیجے میں فیصل درازئی اور نوجوان گلوکار ھمل (زامر) بلوچ موقع پر شہید ہوگئے، جبکہ استاد منہاج مختار اور بی این ایم کی مرکزی کونسل اورزرمبش زیمر کی ٹیم کے رکن عارف بلوچ شدید زخمی ہوئے۔ بلوچ نیشنل موومنٹ ( بی این ایم ) اس انسانیت سوز حملے کی شدید مذمت کرتی ہے۔ یہ محض چند افراد کو نشانہ بنانے کا واقعہ نہیں بلکہ بلوچ ثقافتی ورثے، قومی شناخت اور سیاسی و سماجی شخصیات پر ایک سنگین حملہ ہے۔ بلوچ قوم اس حملے میں ایک نوجوان فنکار سے محروم ہوئی ہے، جبکہ استاد منہاج مختار جیسی لیجنڈری شخصیت کو نشانہ بنانے کی کوشش اس امر کی عکاس ہے کہ بلوچ قومی ثقافت اور اس کے نمائندے بھی ریاستی تشدد سے محفوظ نہیں ہیں۔
بی این ایم کے ترجمان نے کہا کہ استاد منہاج مختار محض ایک گلوکار نہیں بلکہ بلوچ قوم کے ثقافتی ورثے کی ایک اہم شخصیت ہیں۔ ان کا فن، خدمات اور ثقافتی کردار پوری بلوچ قوم کا مشترکہ اثاثہ ہیں۔ ان جیسی شخصیت کو نشانہ بنانا بلوچ قومی ثقافت اور اجتماعی شناخت پر حملے کے مترادف ہے۔ پوری بلوچ قوم جس فنکار کو اپنا قومی اثاثہ سمجھتی ہے، اس کے قتل کی کوشش کو کسی صورت ایک معمولی واقعہ قرار نہیں دیا جا سکتا۔
ترجمان نے کہا کہ پاکستانی ریاست کا تشدد اب اس کی جغرافیائی سرحدوں تک محدود نہیں رہا بلکہ ہمسایہ ممالک میں مقیم بلوچ سیاسی کارکنوں، مہاجرین، دانشوروں، فنکاروں اور سماجی و ثقافتی شخصیات کی زندگیوں کے لیے بھی سنگین خطرہ بنتا جا رہا ہے۔ پاکستان کی جانب سے مقامی افراد اور جرائم پیشہ عناصر کو اپنے مقاصد کے لیے استعمال کرکے سرحد پار بلوچوں کو نشانہ بنانے کے واقعات نے اس خطرے میں مزید اضافہ کیا ہے۔ استاد منہاج مختار اور ان کے ساتھیوں پر حملہ بھی اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے، جبکہ حالیہ عرصے میں یہ اپنی نوعیت کا تیسرا حملہ ہے، جس میں متعدد قیمتی جانیں ضائع ہوئی ہیں۔ ایسے اقدامات نہ صرف انسانی جانوں کے لیے خطرہ ہیں بلکہ خطے کے امن، باہمی اعتماد اور بلوچ سماج میں مزید خونریزی اور تقسیم کا باعث ہیں۔ بلوچ نیشنل موومنٹ انسانی حقوق کے بین الاقوامی اداروں، اقوام متحدہ اور متعلقہ عالمی حکام سے مطالبہ کرتی ہے کہ پاکستان کی سرحدوں سے باہر جاری اس ریاستی تشدد کا سنجیدگی سے نوٹس لیا جائے اور اس کی روک تھام کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں۔
ترجمان نے ہمسایہ ممالک، بالخصوص ایران اور افغانستان کے متعلقہ حکام سے بھی اپیل کی کہ وہ اپنے زیرِ انتظام علاقوں میں مقیم بلوچ مہاجرین کے تحفظ اور بنیادی حقوق کے حوالے سے اپنی ذمہ داریوں کو سنجیدگی سے ادا کریں۔ بلوچ مہاجرین کو قانونی حیثیت کے حوالے سے غیر یقینی صورتِ حال، مختلف قانونی مشکلات اور نقل و حرکت پر پابندیوں کا سامنا ہے، جو ان کے بنیادی انسانی حقوق اور وقار کے منافی ہیں۔ حقیقت یہ ہے کہ ایران اور افغانستان کے زیرِ انتظام بعض علاقوں میں بلوچ قوم کی تاریخی، نسلی اور خاندانی جڑیں صدیوں پرانی ہیں۔ بہت سے بلوچ اپنے آبائی علاقوں، خاندانی رشتوں اور تاریخی تعلقات کی بنیاد پر ان خطوں سے وابستہ ہیں۔ ریاستوں کے لیے ان معاملات میں سیاسی، قانونی اور سکیورٹی کے پیچیدہ پہلو ہوسکتے ہیں، لیکن بلوچ قوم کے لیے اپنے لوگوں کے ساتھ رہنے، اپنی تاریخی سرزمین سے جڑے رہنے اور پرامن زندگی گزارنے کا حق ایک بنیادی انسانی مسئلہ ہے۔ ہمسایہ ممالک کو چاہیے کہ وہ بلوچ مہاجرین کو غیر یقینی قانونی حیثیت میں رکھنے کے بجائے ان کے تحفظ، بنیادی حقوق اور آزادانہ نقل و حرکت کو یقینی بنائیں، نیز اپنی سرزمین کو پاکستان کی سرحد پار کارروائیوں کے لیے استعمال ہونے سے روکنے کے لیے عملی اقدامات کریں۔