بلوچستان کے علاقے دالبندین میں مسلح افراد نے ایک مال بردار بس پر فائرنگ کی جس سے ایک ڈرائیور ہلاک ہوگیا اور 3 افرادشدید زخمی ہوگئے جبکہ نوشکی میں ایک ٹریفک حادثے میںایک شخص ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے۔
دالبندین سے اطلاعات ہیں کہ ڈھاڈر کے مقام پر مسلح افراد نے مال بردار بس پر فائرنگ کی جس کے نتیجے میں ڈرائیور ہلاک جبکہ تین افراد شدید زخمی ہوگئے۔
پولیس کے مطابق فائرنگ کے بعد ہلاک اور زخمیوں کو ڈی ایچ کیو ہسپتال دالبندین منتقل کردیا گیا۔
پولیس کے مطابق فائرنگ کے واقعے میں ہلاک ہونے والے ڈرائیور کی شناخت عبد الوحید کے نام سے ہوئی ہے، جن کا تعلق کوئٹہ سے بتایا جاتا ہے۔
ہسپتال ذرائع کے مطابق واقعے میں زخمی ہونے والے تین افراد میں عبیداللہ سکنہ نوشکی، فائق سکنہ کوئٹہ اور محسن سکنہ کوئٹہ شامل ہیں۔
واقعے کے بعد ہلاک ڈرائیور کی لاش اور زخمیوں کو ڈی ایچ کیو ہسپتال دالبندین منتقل کردیا گیا۔
دوسری جانب خاران سے کوئٹہ جانے والی مسافر ویگن نوشکی مل کے علاقے میں کوہِ سلطان کے مقام پر حادثے کا شکار ہو گئی، جس کے نتیجے میں ایک شخص ہلاک جبکہ خواتین اور بچوں سمیت متعدد مسافر شدید زخمی ہو گئے۔
علاقائی ذرائع کے مطابق ہلاک ہونے والا شخص زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے موقع پر ہی دم توڑ گیا۔
حادثے کے فوری بعد مقامی شہریوں نے اپنی مدد آپ کے تحت امدادی کارروائیاں شروع کر دیں۔
اہلِ علاقہ نے ضلعی انتظامیہ خاران اور نوشکی سے مطالبہ کیا ہے کہ ہلاک شخص کی میت اور زخمیوں کو قریبی ہسپتال منتقل کرنے کے لیے فوری طور پر ایمبولینسز اور ریسکیو ٹیمیں روانہ کی جائیں۔