بلوچ یکجہتی کمیٹی (BYC) نے ضلع نوشکی کے مختلف علاقوں میں پاکستانی سکیورٹی فورسز کی کارروائیوں، گھروں کو نذرِ آتش کرنے، مارٹر گولہ باری اور جبری گمشدگیوں کے واقعات پر شدید ردعمل دیتے ہوئے اسے "اجتماعی سزا” قرار دیا ہے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ سکیورٹی کے نام پر اجتماعی سزا کا کسی صورت جواز پیش نہیں کیا جا سکتا۔ کمیٹی کے مطابق 11 سے 17 نومبر 2026 کے دوران نوشکی میں سکیورٹی فورسز نے کم از کم سات خاندانوں کے گھروں کو آگ لگا کر جلا دیا جبکہ مارٹر گولے فائر کیے جو سات شہری مکانات پر جا گرے، جس کے نتیجے میں کم از کم پانچ بچے زخمی ہوئے۔ بیان میں مزید الزام عائد کیا گیا ہے کہ خواتین اور بچوں کو ان کے گھروں کے اندر ہراساں کیا گیا جبکہ ایک والد اور اس کے تین بیٹوں کو جبری طور پر حراست میں لے کر نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا گیا۔ متاثرہ خاندان اپنے گھروں، ذخیرہ شدہ خوراک، بچوں کی درسی کتابوں اور روزگار کے ذرائع سے محروم ہو گئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ کلی جمالدینی میں ایک ہی خاندان کے تین گھر نذرِ آتش بلوچ یکجہتی کمیٹی کے مطابق 11 نومبر کی صبح تقریباً 6 بجے فرنٹیئر کور (ایف سی) کے اہلکاروں نے سادہ لباس میں ملبوس افراد (جنہیں مقامی سطح پر ڈیتھ اسکواڈ کہا جاتا ہے) کے ہمراہ محمد عظیم کے گھر پر چھاپہ مارا اور اسے آگ لگا دی۔ آگ لگنے سے باورچی خانہ، بیٹھک، فریج، ٹی وی، صوفے، بیڈروم فرنیچر، 40 سے زائد بلوچی ملبوسات اور دیگر گھریلو سامان جل کر راکھ ہو گیا۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ خاندان کے زرعی گودام کو بھی آگ لگائی گئی جس سے تقریباً سو سو کلوگرام وزنی گندم کی 50 سے زائد بوریاں اور تقریباً 70 من (قریباً 2.8 ٹن) کپاس جل کر تباہ ہو گئی، جبکہ ایک پالتو کتا بھی شدید جھلس گیا اور بچوں کے اسکول بیگ، کتابیں، یونیفارم اور تعلیمی دستاویزات جل گئیں۔ کمیٹی کے مطابق جب گھر کی خواتین اور بچوں نے آگ بجھانے کی کوشش کی تو انہیں جبری گمشدگی کی دھمکیاں دی گئیں۔
بیان میں مزید بتایا گیا ہے کہ 13 نومبر کی صبح تقریباً 7 بجے ایف سی اہلکاروں نے اسی گاؤں میں عبدالصمد کے بیٹے محمد امین کے چار کمروں پر مشتمل پورے گھر اور باورچی خانے کو سامان سمیت نذرِ آتش کر دیا۔ کارروائی کے دوران فرنیچر، فریج، ٹی وی، یو پی ایس سسٹم، ایک موٹر سائیکل اور بچوں کی تعلیمی دستاویزات جل گئیں، جبکہ 38 سولر پینل توڑ دیے گئے اور قیمتی گھریلو سامان ساتھ لے جایا گیا۔ اسی صبح عبدالصمد کے دوسرے بیٹے حمیداللہ کے گھر کے دو کمرے، باورچی خانہ اور بچوں کا تعلیمی سامان جلا دیا گیا جبکہ دو سی ڈی-70 موٹر سائیکلیں قبضے میں لے لی گئیں۔ بیان کے مطابق یہ تینوں گھرانے ایک ہی مشترکہ خاندان سے تعلق رکھتے ہیں۔
کمیٹی کے مطابق غریب آباد میں عابد مینگل کا گھر نذرِ آتش، بیٹوں سمیت جبری گمشدگی بیان کے مطابق 12 نومبر کو سکیورٹی فورسز نے غریب آباد، نوشکی میں عابد مینگل کے گھر کو سامان سمیت آگ لگا دی، خواتین اور بچوں کو ہراساں کیا اور عابد مینگل سمیت ان کے تین بیٹوں (جن میں ولید اور امتیاز شامل ہیں) کو حراست میں لے کر جبری طور پر لاپتا کر دیا۔
بیان میں کہا گیاکہ قاضی آباد میں اہلِ خانہ کو باورچی خانے میں بند کر کے گھر کو آگ لگائی گئی کمیٹی کا کہنا ہے کہ 13 نومبر کو قاضی آباد میں محمد اسماعیل کے گھر پر چھاپہ مار کر اہلِ خانہ کو ہراساں کرنے کے بعد باورچی خانے میں بند کر دیا گیا اور چار کمروں پر مشتمل پورے گھر کو تمام اشیا سمیت جلا دیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ کلی فقیران میں گھر نذرِ آتش، سات مکانات پر مارٹر گولے اور بچے زخمی بلوچ یکجہتی کمیٹی کے بیان کے مطابق 17 نومبر کی سہ پہر تقریباً 3 بجے علاقے میں پیش آنے والے ایک سکیورٹی واقعے کے بعد سکیورٹی فورسز کلی فقیران میں داخل ہوئیں اور عبدالستار بدرچ اور خان رزاق بدرچ کے گھروں کو آگ لگا دی۔ اس دوران ایک موٹر سائیکل اور روزگار سے متعلق سامان بھی ساتھ لے جایا گیا۔ اسی کارروائی میں خان رزاق بدرچ کے بیٹے جمیل احمد بدرچ اور ان کے ماموں کو تشدد کا نشانہ بنانے کے بعد نامعلوم مقام پر لے جایا گیا، جنہیں شدید جسمانی تشدد کے بعد اسی رات دیر گئے رہا کیا گیا۔
بیان میں مزید الزام عائد کیا گیا ہے کہ رہائشی علاقے میں سات مارٹر گولے فائر کیے گئے جو سات مختلف گھروں پر گرے۔ چھ گولے محمد طیب ولد عبدالواحد، عبدالرشید ولد عبدالصبور، عزیز اللہ، نجیب اللہ ولد ہاشم، کونسلر جانان بدرچ اور سلیم احمد ولد محمد عمر کے گھروں پر گرے، جبکہ ساتواں گولہ گاؤں کے شمالی حصے میں جمعہ خان کے گھر پر جا گرا۔ مارٹر حملوں کے نتیجے میں کم از کم پانچ بچے زخمی ہوئے، جن میں جمعہ خان کا 14 سالہ بیٹا جواد احمد (ساتویں جماعت کا طالب علم) اور عبدالرشید کی بیٹی سمیت تین دیگر بچے شامل ہیں۔
ترجمان کے مطابق اجتماعی سزا کا تسلسل اور مطالبات بلوچ یکجہتی کمیٹی نے کہا کہ کلی فقیران میں یہ کارروائی اجتماعی ہراسانی کے ایک مسلسل سلسلے کا حصہ ہے، اس سے قبل بھی دو مواقع پر سینکڑوں مکینوں کو زبردستی فوجی کیمپ لے جا کر تذلیل کا نشانہ بنایا گیا اور ان کے موبائل فون اور نقدی ضبط کر لی گئی تھی۔
بیان کے اختتام پر کہا گیا ہے کہ گھروں کو جلانا، خوراک کے ذخائر تباہ کرنا، والد اور بیٹوں کو جبری طور پر لاپتا کرنا اور رہائشی آبادیوں پر مارٹر گولے برسانا بین الاقوامی قوانین اور آئینِ پاکستان کے تحت حاصل شہری وقار و چار دیواری کے تقدس کی خلاف ورزی ہے۔ بلوچ یکجہتی کمیٹی نے ان چھاپوں کے فوری خاتمے، عابد مینگل اور ان کے تین بیٹوں کی بحفاظت بازیابی، گھروں کو جلانے اور مارٹر حملوں کی آزادانہ تحقیقات، متاثرہ خاندانوں کو مکمل معاوضے کی ادائیگی اور زخمی بچوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔