براہوئی زبان کے نامور شاعر، ادیب اور دانشور شہید پروفیسر غمخوار حیات کی انشائیوں پر مشتمل نئی کتاب ’’مَلگُزار‘‘ شائع ہو کر منظرِ عام پر آ گئی ہے۔
ادبی حلقوں کے مطابق ’’مَلگُزار‘‘ پروفیسر غمخوار حیات کی انشائیوں پر مشتمل دوسری کتاب ہے، جو نوشکی سمیت دیگر علاقوں کے کتاب دوست حلقوں میں دستیاب ہے۔
واضح رہے کہ پروفیسر غمخوار حیات کو رواں سال 16 مئی کو بلوچستان کے ضلع نوشکی کے علاقے کلی مینگل میں ریاستی سرپرستی میں سرگرم ڈیتھ اسکواڈ کے مسلح اہلکاروں نے فائرنگ کر کے قتل کر دیا تھا۔
پروفیسر غمخوار حیات براہوئی ادب کا ایک معتبر نام تھے جنہوں نے شاعری، نثر، تحقیق اور انشائیہ نگاری کے میدان میں گراں قدر خدمات انجام دیں۔ ان کی اس سے قبل شائع ہونے والی معروف تصانیف میں درج ذیل کتب شامل ہیں:
خُمار (شاعری)
جُلَو (شاعری)
پُلّ آتا پَند (نثر و مضامین)
بُھلّ (انشائیے)
براہوئی ادبی تاریخ (تحقیق)
ادبی حلقوں کی جانب سے شہید پروفیسر غمخوار حیات کی اس نئی تصنیف کی اشاعت کو براہوئی ادب کے لیے ایک اہم اثاثہ قرار دیتے ہوئے اسے زبردست خراجِ تحسین پیش کیا جا رہا ہے۔
جاری کردہ تفصیلات کے مطابق نوشکی میں کتاب کے حصول کے لیے زیحان موبائل اینڈ کسٹمر سروس، ڈاکٹر پسند خان، پرانا اڈہ روڈ نوشکی (پروپرائیٹر: یحییٰ بختیار ساسولی) یا فون نمبر 03493375764 پر رابطہ کیا جا سکتا ہے، جبکہ کتاب کی قیمت 300 روپے مقرر کی گئی ہے۔