میزائل اور ڈرون فیکٹریز زیرِ زمین منتقل،جنگ شروع کریں گے تو تباہ کن جواب ملے گا،ایران کا امریکہ کوانتباہ

ایڈمن
ایڈمن
3 Min Read

ایران کی پاسدارانِ انقلاب کے ترجمان بریگیڈیئر جنرل حسین محبی نے ایک پریس کانفرنس میں کہا ہے کہ ’ہم نے میزائل اور ڈرون کی پیداواری لائنوں کو زیرِ زمین شہروں میں منتقل کر دیا ہے تاکہ کسی بھی صورتحال میں پیداوار کا سلسلہ جاری رکھا جا سکے۔‘

بریگیڈیئر جنرل حسین محبی کے مطابق ایران نے اپنے میزائل اور ڈرون پروگرام کا ڈھانچہ اس انداز میں ترتیب دیا ہے کہ دشمن کی کارروائیاں اس کی پیداواری صلاحیت کو متاثر نہ کر سکیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ’دشمن کبھی بھی ہمیں میزائل بنانے سے نہیں روک سکا کیونکہ ہمارا پیداواری نظام لچکدار ہے۔‘

پاسداران انقلاب کے ترجمان نے مزید کہا کہ ایرو سپیس فورس کے تمام ہتھیار مقامی علم، مہارت اور ٹیکنالوجی کی بنیاد پر تیار کیے گئے ہیں اور ایران نے اس مقصد کے لیے کسی دوسرے ملک سے ہتھیار درآمد نہیں کیے۔

اس سے قبل پاسدارانِ انقلاب کے ترجمان یہ بھی اعلان کر چکے ہیں کہ ایران کی جانب سے ’میزائل رینج کی حد‘ ختم کر دی گئی ہے۔

امریکہ اور اسرائیل ماضی میں یہ کہہ چکے ہیں کہ فروری کے آخر میں شروع کیے گئے حملوں کے مقاصد میں ایران کے میزائل پروگرام کو شدید نقصان پہنچانا بھی شامل تھا۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ متعدد بار دعویٰ کر چکے ہیں کہ ایران کی میزائل صلاحیتوں کو بڑا دھچکہ پہنچا ہے۔

تاہم ایران ان دعوؤں کو مسترد کرتا ہے۔ ایرانی حکام کا کہنا ہے کہ حالیہ مہینوں میں نہ صرف میزائل بلکہ دیگر ہتھیاروں کی پیداوار میں بھی اضافہ کیا گیا ہے۔

دوسری جانب ایران کی مصالحتی کونسل کے رکن اور سابق پاسدارانِ انقلاب کمانڈر محسن رضائی نے ایک بیان میں امریکی قیادت کو مخاطب کرتے ہوئے کہا ہے کہ واشنگٹن میں یہ پیغام کس تک پہنچایا جائے کہ اگر ایران کے خلاف جنگ چھیڑی گئی تو اس کا ’تباہ کن جواب‘ دیا جائے گا۔

سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری اپنے بیان میں محسن رضائی نے کہا، ’آپ جنگ بھی ہار گئے اور الیکشن بھی۔ وینس شکست تسلیم کر چکے ہیں، روبیو اقتدار سے باہر ہونے والے ہیں، ہیگستھ کو برطرف کیے جانے کی بات ہو رہی ہے اور سینٹکام کا کمانڈر اب پوڈکاسٹر بن چکا ہے۔‘

انھوں نے مزید کہا کہ ’تو واشنگٹن میں آخر یہ پیغام ہم کس تک پہنچائیں؟ جنگ شروع کریں گے تو آپ کو تباہ کن جواب کا سامنا کرنا پڑے گا۔‘

Share This Article