امریکی فوج کا بحیرۂ عمان میں ایران سے آنے والی تجارتی جہاز کو نشانہ بنانے کا دعویٰ

ایڈمن
ایڈمن
2 Min Read

امریکی سینٹرل کمانڈ (سینٹ کام) نے بحیرۂ عمان میں ایک تجارتی جہاز کو ناکارہ بنا نے کا دعویٰ کرتے ہوئے کہا ہے کہ جہاز کو نشانہ تب بنایا گیا جب اس کے عملے نے متعدد انتباہات کو نظرانداز کرتے ہوئے مبینہ طور پر ایران کے خلاف بحری ناکہ بندی کی خلاف ورزی کی کوشش کی۔

سینٹ کام کے مطابق امریکی فوجی طیارے نے کارگو جہاز ایم وی ہُدا کو نشانہ بنا کر ناکارہ بنا دیا، جہاز پر سینٹ کٹس اینڈ نیوس کا پرچم آویزاں تھا۔

امریکی فوج کا کہنا ہے کہ کارروائی سے پہلے جہاز کے عملے کو ان حصوں سے دور ہونے کی ہدایت دی گئی تھی جنھیں نشانہ بنایا جانا تھا۔

سینٹ کام کے مطابق یہ جہاز ایک ایرانی بندرگاہ پر رُکنے کے بعد خطے کے پانیوں سے نکلنے کی کوشش کر رہا تھا۔

امریکی سینٹرل کمانڈ نے کہا ہے کہ وہ ایران کی بحری ناکہ بندی پر عملدرآمد جاری رکھے گا۔

دوسری جانب برطانیہ کے میری ٹائم ٹریڈ آپریشنز سینٹر نے بحیرۂ عمان میں ایک تجارتی جہاز اور فوجی دستوں کے درمیان پیش آنے والے ایک واقعے کی اطلاع دی ہے۔

یہ بیان امریکی سینٹرل کمانڈ کے اس دعوے کے بعد سامنے آیا ہے جس میں کہا گیا تھا کہ اس نے ایم وی ہُدا نامی کارگو جہاز کو نشانہ بنا کر ناکارہ بنا دیا۔

ادارے کے مطابق واقعے کے وقت جہاز کو پہنچنے والے ممکنہ نقصان، عملے کی حالت اور ماحولیاتی اثرات کے بارے میں معلومات دستیاب نہیں تھیں، جبکہ تحقیقات جاری ہیں

تاہم ابھی یہ واضح نہیں کہ دونوں بیانات ایک ہی واقعے سے متعلق ہیں یا نہیں۔

سینٹ کام کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق جولائی سے اب تک امریکی افواج 147 تجارتی جہازوں کا رخ تبدیل کروا چکی ہیں جنھوں نے احکامات پر عمل کیا، جبکہ مزید پانچ جہازوں کو اس لیے روک دیا گیا کیونکہ انھوں نے احکامات ماننے سے انکار کیا تھا۔

Share This Article