ٹرمپ کی ایران پر حملے کی تصدیق، مزید نئے حملے کا کوئی منصوبہ نہیں، امریکی صدر

ایڈمن
ایڈمن
3 Min Read

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے فاکس نیوز کو ٹیلی فونک انٹرویو میں تصدیق کی ہے کہ امریکہ نے ایران پر حملے کیے ہیں۔ اس سے قبل آبنائے ہرمز میں واقع جزیرے قشم کو نشانہ بنانے کی کارروائی کی اطلاعات سامنے آئی تھیں۔

ٹرمپ نے کہا کہ ’ایران نے طیارہ شکن نظام کی ایک تنصیب بنائی تھی اور جیسے ہی یہ مکمل ہوئی، ہم نے گذشتہ رات اسے کامیابی سے نشانہ بنایا۔‘ انھوں نے اس کارروائی کو ’محدود حملہ‘ قرار دیا۔

دوسری جانب ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے کہا ہے کہ امریکہ اور اسلامی جمہوریہ ایران کے درمیان دوبارہ لڑائی کسی کے مفاد میں نہیں ہو گی۔ یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب مشرقِ وسطیٰ میں کشیدگی کے ایک نئے دور سے بچنے کے لیے سفارتی کوششیں جاری ہیں۔

پزشکیان نے حکومتی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ’اس جنگ سے کسی کو فائدہ نہیں ہو گا۔‘ انھوں نے کہا کہ تنازع کو ’مذاکرات کے ذریعے‘ حل کرنے کی کوششیں جاری ہیں۔

ایرانی صدر نے مزید کہا کہ اسلامی جمہوریہ کے سپریم لیڈر مجتبیٰ خامنہ ای نے حکومت کو ان معاملات پر بات چیت کرنے کے اختیارات دیے ہیں جنھیں وہ پہلے ممنوع قرار دیتے تھے۔ تاہم انھوں نے ان معاملات کی مزید وضاحت نہیں کی۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ واشنگٹن کے پاس اس وقت ایران پر کسی نئے حملے کا کوئی فوری منصوبہ نہیں۔

برطانوی اخبار فنانشل ٹائمز کو منگل کو دیے گئے ایک انٹرویو میں ٹرمپ نے کہا کہ وہ ایران کے ساتھ جاری صورتحال سے مطمئن ہیں، تاہم انھوں نے یہ بھی اشارہ دیا کہ اگر ضرورت پڑی تو وہ جنگ جاری رکھنے کے لیے تیار ہیں۔

چھ منٹ دورانیے کے اس ٹیلی فونک انٹرویو میں ٹرمپ نے کہا: ’ایسا لگتا ہے کہ ہم وہ سب کچھ حاصل کر رہے ہیں جو ہم چاہتے ہیں۔‘

دوسری جانب امریکہ میں وسط مدتی انتخابات کے فوری بعد ایران کے خلاف کسی نئی فوجی کارروائی کے امکان پر خدشات برقرار ہیں، خصوصاً اس کے بعد جب ایران کی سپریم نیشنل سکیورٹی کونسل کے سیکریٹری محسن رضائی نے کہا کہ تہران اپنے مجوزہ منصوبے پر واشنگٹن کے ردعمل سے مطمئن نہیں۔

منگل کو مصر اور ایران کے وزرائے خارجہ کے درمیان ہونے والی ٹیلی فونک گفتگو کو بھی ان خدشات کے تناظر میں دیکھا جا رہا ہے۔ اس گفتگو میں مصری وزیر خارجہ بدر عبدالعاطی نے تہران پر زور دیا کہ وہ مذاکرات میں مزید لچک کا مظاہرہ کرے۔

Share This Article