بلوچستان کے علاقے مستونگ اور کیچ میں مسلح افراد کی جانب سے پاکستانی فوج ، تجارتی و عسکری پروجیکٹس اور سرکاری تنصیبات پر حملوں اور کارروائیوں کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔
مستونگ کے علاقے کھڈکوچہ کے مقام گورو میں سیندک پروجیکٹ سے معدنیات منتقل کرنے والے ایک قافلے کو نشانہ بنایا گیا ہے، جس کی حفاظت پر پاکستانی فوج کے اہلکار مامور تھے۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق، اس حملے میں سیندک پروجیکٹ سے منسلک گاڑیوں سمیت پاکستانی فوج کی دو بکتر بند گاڑیوں (APCs) کو شدید نشانہ بنایا گیا ہے۔
واقعے کے نتیجے میں فورسز کے اہلکاروں کے ہلاک و زخمی ہونے کے خدشات کا اظہار کیا جا رہا ہے، تاہم جانی نقصان کی حتمی تعداد اور تفصیلات کی مستقل تصدیق ہونا باقی ہے۔
دوسری جانب ضلع کیچ کے علاقے ہیرونک میں مسلح افراد نے ایک پولیس چیک پوسٹ کا کنٹرول سنبھال لیا۔ اس دوران چیک پوسٹ پر نصب سرویلنس سی سی ٹی وی (CCTV) کیمروں کو تباہ کر دیا گیا، جبکہ وہاں سے گزرنے والے تجارتی ٹرکوں کے ٹائرز پر فائرنگ کر کے انہیں ناکارہ بنا دیا گیا۔
ضلع کیچ ہی کے سرحدی علاقے مند (بلوچ آباد) میں پیش آنے والے ایک اور واقعے میں مسلح افراد نے پاکستانی فوجی کیمپ کے لیے راشن اور ایندھن لے جانے والی ایک گاڑی کو تحویل میں لے لیا۔
ذرائع کے مطابق گاڑی میں 12 پیٹیاں مرغیاں، 5 بکریاں اور 2 ڈرم ڈیزل لدا ہوا تھا۔ بعد ازاں مقامی ذرائع نے تصدیق کی ہے کہ مسلح افراد نے گاڑی اور اس پر موجود تمام سامان کو آگ لگا کر مکمل طور پر تباہ کر دیا۔