وی بی ایم پی کے جاری احتجاجی کیمپ میں سلیمان بازئی اور سریش بگٹی کی شرکت اور اظہار یکجہتی

ایڈمن
ایڈمن
2 Min Read

جبری گمشدگیوں کے خلاف وائس فار بلوچ مسنگ پرسنز (وی بی ایم پی) کے زیر اہتمام کوئٹہ پریس کلب کے سامنے قائم احتجاجی کیمپ 6412ویں روز بھی جاری رہا۔

اس موقع پر پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی کے صوبائی ڈپٹی سیکرٹری سلیمان بازئی اور سوریش بگٹی نے احتجاجی کیمپ کا دورہ کیا اور لاپتہ افراد کے لواحقین سے اظہار یکجہتی کیا۔ انہوں نے جبری گمشدگیوں کے خاتمے اور تمام لاپتہ افراد کی بازیابی کا مطالبہ کیا۔

وی بی ایم پی نے جاری کردہ بیان میں کہا کہ جبری گمشدگیاں انسانی حقوق اور آئین پاکستان میں درج بنیادی حقوق کی خلاف ورزی ہیں۔ حکومت کی ذمہ داری ہے کہ وہ شہریوں کے تحفظ اور ان کے بنیادی حقوق کی ضمانت یقینی بنائے۔

تمام لاپتہ افراد کو فوری طور پر بازیاب کیا جائے، جبکہ جن افراد پر کسی قسم کا الزام ہے انہیں آئین و قانون کے مطابق مجاز عدالتوں میں پیش کرکے شفاف قانونی کارروائی کا حق دیا جائے۔ کسی بھی شہری کو ماورائے قانون حراست میں رکھنا یا اس کے اہل خانہ کو اس کے بارے میں معلومات فراہم نہ کرنا قابل قبول نہیں۔

وی بی ایم پی نے مزید کہا کہ جبری گمشدگیوں کے مسئلے کو حل کرنے کے لیے حکومت کو سنجیدہ اور عملی اقدامات اٹھانے، متاثرہ خاندانوں کو انصاف فراہم کرنے اور اس عمل کے ذمہ داروں کا قانون کے مطابق احتساب یقینی بنانے کی ضرورت ہے۔

Share This Article