بلوچ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پجار شال زون کے زیرِ اہتمام تین روزہ بُک اسٹال دوسرے روز بھی گورنمنٹ پوسٹ گریجویٹ کالج سریاب میں جاری رہا، جہاں کالج کے پروفیسرز، اساتذہ اور طلباء نے بڑی تعداد میں شرکت کی اور اپنی پسند کی کتابیں خریدیں۔
بُک اسٹال کا مقصد نوجوانوں میں مطالعے کے رجحان کو فروغ دینا، کتاب سے محبت پیدا کرنا اور انہیں علم و شعور کی اہمیت سے آگاہ کرنا ہے۔
بُک اسٹال میں بی ایس او پجار کے صوبائی جنرل سیکرٹری شےمرید رشید بلوچ اور شال زون کے ڈپٹی آرگنائزر نے خصوصی شرکت کی، جبکہ پوسٹ گریجویٹ کالج کے یونٹ سیکرٹری حامد حسین بلوچ اور انفارمیشن سیکرٹری جمیل بلوچ اسٹال کے انتظامات سنبھال رہے تھے۔
اس موقع پر بی ایس او پجار کے رہنماؤں نے کہا کہ تنظیم کا بنیادی مقصد بلوچستان کے نوجوانوں میں کتاب کلچر کو فروغ دینا اور انہیں علم، زانت، شعور اور مثبت سیاسی و سماجی سرگرمیوں کی طرف راغب کرنا ہے۔ آج کے جدید علمی دور میں وہی قومیں ترقی کی منازل طے کرتی ہیں جو تعلیم، تحقیق، مطالعے اور فکری آزادی کو اپنی ترجیحات میں شامل کرتی ہیں۔ کتاب محض معلومات حاصل کرنے کا ذریعہ نہیں بلکہ انسان کی فکری تربیت، شعوری ارتقا اور معاشرتی تبدیلی میں بنیادی کردار ادا کرتی ہے۔
رہنماؤں نے بلوچستان کی موجودہ صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایک طرف نوجوانوں کو تعلیمی سہولیات، لائبریریوں اور مثبت سرگرمیوں کی ضرورت ہے، جبکہ دوسری جانب منشیات کے بڑھتے ہوئے رجحان نے نوجوان نسل کے مستقبل کو شدید خطرات سے دوچار کر رکھا ہے۔
بلوچستان میں لائبریریوں اور علمی مراکز کی تعداد بڑھانے کے بجائے منشیات کے اڈوں کا پھیلاؤ ایک تشویشناک صورتحال ہے۔ اس مسئلے کا مقابلہ صرف بیانات سے نہیں بلکہ تعلیمی مواقع، شعوری آگاہی اور نوجوانوں کی مثبت سرگرمیوں میں شمولیت کے ذریعے کیا جا سکتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ بلوچ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پجار سمجھتی ہے کہ نوجوان کسی بھی قوم کا قیمتی سرمایہ ہوتے ہیں، اور ان کی صلاحیتوں کو درست سمت دینا معاشرے کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ اسی مقصد کے تحت تنظیم بلوچستان بھر کے تعلیمی اداروں میں بُک اسٹالز اور دیگر علمی سرگرمیوں کا انعقاد جاری رکھے گی، تاکہ نوجوانوں کو کتابوں سے جوڑا جا سکے اور انہیں منشیات سمیت دیگر منفی سرگرمیوں سے دور رکھنے میں اپنا کردار ادا کیا جا سکے۔
بی ایس او پجار کے رہنماؤں نے طلباء و طالبات، اساتذہ اور بلوچستان میں بسنے والی تمام اقوام کے نوجوانوں سے اپیل کی کہ وہ کتاب کلچر کے فروغ میں اپنا کردار ادا کریں اور تعلیمی و علمی سرگرمیوں میں بھرپور حصہ لیں۔ انہوں نے کہا کہ ایک تعلیم یافتہ، باشعور اور ترقی پسند بلوچستان کی تعمیر کے لیے ضروری ہے کہ نوجوانوں کو کتاب، قلم اور علم کی طاقت سے روشناس کرایا جائے۔
نیشنل پارٹی کے مرکزی رہنما آغا گل صاحب اور پروفیسر لالا منیر بلوچ خصوصی شرکت کی اور بلوچ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پجار کے رہنماؤں کی حوصلہ افزائی کی اور کئی کتابیں بھی بُک اسٹال سے خرید لیں۔ بلوچ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پجار صوبائی جنرل سیکرٹری شےمرید رشید بلوچ اور شال زون کے ڈپٹی آرگنائزر عصمت بلوچ کو نیشنل پارٹی کے مرکزی رہنما اور معروف لکھاری آغا گل نے کتابیں گفٹ کی ۔