منگچر: کوئٹہ کراچی قومی شاہراہ پرپل دھماکہ خیز مواد سے تباہ

ایڈمن
ایڈمن
2 Min Read

بلوچستان کے ضلع قلات کے منگچر کے علاقے میں کوئٹہ کراچی قومی شاہراہ پر واقعہ پل کو نامعلوم افرادنے دھماکہ خیز مواد سے اڑا دیا جس سے ہر قسم کی ٹریفک معطل ہوگئی ۔

واقعہ کے بعدسڑک کے دونوں جانب چھوٹی بڑی مال بردار گاڑیوں کی لمبی لمبی قطاریں لگ گئیں۔

ذرائع کے مطابق گزشتہ روز کوئٹہ کراچی قومی شاہراہ آر سی ڈی این 25 پر منگچر کے مقام پر نامعلوم ملزمان نے دھماکہ خیز مواد سے پل کواڑا دیا جس سے سڑک کے دونوں جانب مسافر اور مال بردار گاڑیوں سمیت چھوٹی بڑی گاڑیوں کی لمبی لمبی قطاریں لگ گئیں۔

مسافروں اور ٹرانسپورٹروں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

اس سے قبل کوئٹہ کراچی قومی شاہراہ سمیت بلوچستان بھر میں کئی پلوں کو دھماکہ خیز مواد سے اڑایا گیا ہے ۔

واقعے کی ذمہ داری تاحال کسی بھی تنظیم نے قبول نہیں کی ہے، تاہم بلوچ آزادی پسند مسلح تنظیموں کا موقف رہا ہے کہ جس عوام کو پینے کا ایک بوند پانی تک میسر نہیں، ان کے لیے بھاری بجٹ خرچ کر کے شاہراہوں اور پلوں کی تعمیر انتہائی سوالیہ نشان ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ ان بنیادی ڈھانچوں (انفراسٹرکچر) کی تعمیر عام و غریب عوام کی سہولت کے لیے نہیں، بلکہ سیکیورٹی فورسز کی نقل و حرکت، رسائی اور آمد و رفت کو آسان بنانے کے لیے کی جا رہی ہے، تاکہ کسی بھی عسکری پیش رفت یا واقعے کی صورت میں فورسز کی فوری رسائی اور نکلاؤ ممکن ہو سکے۔

سنگر نیوز واٹس ایپ چینل بلوچستان کی تازہ ترین، موثق اور لمحہ بہ لمحہ خبروں سے باخبر رہنے کے لیے ہمارے واٹس ایپ چینل کو فالو کیجیے۔
Share This Article