وی بی ایم پی کے احتجاجی کیمپ میں سائرہ بلوچ کی شرکت،تمام لاپتہ افراد کی بازیابی کا مطالبہ

ایڈمن
ایڈمن
2 Min Read

بلوچستان میں جبری گمشدگیوں کے خلاف وائس فار بلوچ مسنگ پرسنز (وی بی ایم پی) کے زیرِ اہتمام کوئٹہ پریس کلب کے سامنے قائم احتجاجی کیمپ منگل کے روز 6373ویں روز بھی جاری رہا۔

احتجاجی کیمپ میں سائرہ بلوچ نے شرکت کی اور اپنے بھائیوں آصف بلوچ اور رشید بلوچ کی جبری گمشدگی کے حوالے سے اظہارِ خیال کیا۔ انہوں نے کہا کہ ان کے بھائی آصف بلوچ اور رشید بلوچ کو 31 اگست 2018 کو نوشکی سے ان کے دوستوں سمیت سیکیورٹی فورسز نے حراست میں لینے کے بعد جبری طور پر لاپتہ کردیا۔ ان کے ساتھ حراست میں لیے گئے دیگر افراد بعد ازاں بازیاب ہوگئے، تاہم آصف اور رشید بلوچ تاحال لاپتہ ہیں۔

سائرہ بلوچ نے کہا کہ اپنے بھائیوں کی باحفاظت بازیابی اور انصاف کے حصول کے لیے انہوں نے متعلقہ اداروں اور مختلف حکومتوں کے سامنے مسلسل اپنی فریاد رکھی اور پرامن احتجاج بھی کرتے رہے، لیکن ان کے مطابق ملکی قوانین کے تحت کسی ادارے کی جانب سے مؤثر پیش رفت نہیں کی گئی، جس کے باعث ان کا خاندان طویل عرصے سے شدید کرب اور اذیت میں مبتلا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ریاست اور متعلقہ ریاستی اداروں کی آئینی و قانونی ذمہ داری ہے کہ آصف بلوچ، رشید بلوچ سمیت تمام لاپتہ افراد کے اہلخانہ کو قانون کے مطابق انصاف فراہم کیا جائے اور ان کے پیاروں کے بارے میں معلومات فراہم کی جائیں۔

سائرہ بلوچ نے مطالبہ کیا کہ آصف بلوچ اور رشید بلوچ سمیت تمام جبری طور پر لاپتہ افراد کو فوری طور پر بازیاب کیا جائے، اگر کسی شخص پر کوئی الزام ہے تو اسے قانون کے مطابق عدالت میں پیش کیا جائے، جبکہ جبری گمشدگیوں کی روک تھام اور متاثرہ خاندانوں کو انصاف کی فراہمی کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں۔

سنگر نیوز واٹس ایپ چینل بلوچستان کی تازہ ترین، موثق اور لمحہ بہ لمحہ خبروں سے باخبر رہنے کے لیے ہمارے واٹس ایپ چینل کو فالو کیجیے۔
Share This Article