بلوچستان کے علاقے بولان میں پولیس تھانہ مسلح افراد کے بم دھماکے سے عمارت زمین بوس ہو گئی، جبکہ سوئی میں گاڑی پر فائرنگ سے ایک شخص ہلاک ہو گیا۔
بولان کے علاقے کھٹن میں مسلح افراد نے تھانے کو نشانہ بنایا۔
پولیس کے جاری کردہ بیان کے مطابق مسلح افراد نے حملے کے دوران دھماکا خیز مواد کے ذریعے تھانے کی بلڈنگ کو اڑا دیا، جس کے نتیجے میں عمارت مکمل طور پر زمین بوس ہو گئی۔
واقعہ کے بعد پولیس نے علاقائی ناکہ بندی کر کے مزید تفتیش شروع کر دی ہے۔
دوسری جانب سوئی کے علاقے میں سوئی روڈ پر ڈولی کے قریب نامعلوم افراد نے ایک گاڑی پر اندھا دھند فائرنگ کر دی۔
فائرنگ کے نتیجے میں پیرکوہ سے تعلق رکھنے والا شیر ہوپو بگٹی نامی شخص موقع پر ہی ہلاک ہو گیا۔
اطلاع ملتے ہی پولیس نے موقع پر پہنچ کر لاش کو تحویل میں لیا اور ہسپتال منتقل کیا، جہاں ضروری کارروائی کے بعد میت ورثاء کے حوالے کر دی گئی۔
پولیس نے واقعے کا مقدمہ درج کر کے ملزمان کی تلاش اور کارروائی کا آغاز کر دیا ہے۔