بلوچ یکجہتی کمیٹی ( بی وائی سی )نے دالبندین میں عبدالرب کے گھر کو پاکستانی فوج کی جانب سے مسمار کیے جانے کی شدید مذمت کرتی ہے۔
میڈیا کو جاری کردہ اپنے ایک بیان میں ان کا کہنا تھا کہ عام شہریوں کے گھروں کو مسمار کرنا بلوچستان میں جاری ڈیتھ اسکواڈ حکومت کی جانب سے بلوچوں کو خوف، جبری بے دخلی اور اجتماعی سزا کا نشانہ بنا کر اپنی سیاسی ناکامی کو چھپانے اور بلوچ دشمنی و نسل کشی کو آگے بڑھانے کی کوشش ہے۔
انہوں نے کہا کہ جیونی، مند اور بلوچستان کے مختلف علاقوں میں عام لوگوں کے گھروں کو جلانا اور مسمار کیا جانا اسی سلسلے کی کڑیاں ہیں، جن کے ذریعے بلوچ عوام کو مسلسل نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ کسی فرد یا خاندان کے خلاف کارروائی کی آڑ میں اس کے گھر اور خاندان کو نشانہ بنانا بنیادی انسانی حقوق اور شہری آزادیوں کی سنگین خلاف ورزی ہے۔
بیان میں کہا گیا کہ بلوچ یکجہتی کمیٹی ایسے اقدامات کو اجتماعی سزا کی ایک شکل سمجھتے ہوئے انہیں مسترد کرتی ہے۔ ہم ایک بار پھر عالمی برادری اور انسانی حقوق کے عالمی اداروں سے اپیل کرتے ہیں کہ بلوچستان میں جاری اجتماعی سزا، جبری بے دخلی اور شہری آبادی کے خلاف کارروائیوں کا فوری نوٹس لیا جائے، ان واقعات کی آزادانہ تحقیقات کیا جائے اور متاثرہ خاندانوں کے تحفظ اور بنیادی حقوق کی ضمانت کو یقینی بنانے کے لیے مؤثر کردار ادا کیا جائے۔