نیوکاہان کو منشیات اور جرائم کی دلدل میں دھکیلنے کی ریاستی سازشیں، قومی رہنماؤں سے آواز اٹھانے کی اپیل

ایڈمن
ایڈمن
3 Min Read

کوئٹہ کے تاریخی علاقے نیوکاہان مری کیمپ (ہزارگنجی) کے اہلیان کی جانب سے ایک اہم پریس ریلیز جاری کی گئی ہے، جس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ ایک سوچے سمجھے منصوبے اور ریاستی سرپرستی کے تحت نیوکاہان کے نوجوانوں کو تعلیم و شعور سے دور کر کے منشیات، چوری، ڈکیتی اور دیگر سماجی برائیوں کی طرف دھکیلا جا رہا ہے۔

اہلیانِ نیوکاہان کے مطابق، نیوکاہان بلوچ تحریکِ آزادی کا ایک اہم تاریخی و انقلابی مرکز ہے۔ یہ وہی عظیم سرزمین ہے جہاں نواب خیر بخش مری آسودۂ خاک ہیں اور جہاں بلوچ قومی تحریک کے بے شمار شہداء اور افغانستان جلاوطنی کاٹ کر آنے والے انقلابی خاندان آباد ہیں۔ اس تاریخی اہمیت کے حامل علاقے کو بدنام کرنے اور یہاں کے نوجوانوں کی انقلابی فکر کو فلوج کرنے کے لیے فورسز، مقامی ڈیتھ اسکواڈز اور ان کے سرپرست عناصر منظم سازش کے تحت جرائم کی آبیاری کر رہے ہیں۔

ہزارگنجی اور گردونواح میں ڈکیتی، نقدی، موبائل فونز، گاڑیاں اور زیورات چھیننے جیسے جرائم کو فورسز اور ڈیتھ اسکواڈز کے کارندوں کے ذریعے فروغ دیا جا رہا ہے۔ بیان میں سمت اللہ اور شکور پوادی مری سمیت دیگر کارندوں کے نام سامنے لائے گئے ہیں، جن کے جرائم میں ملوث ہونے کے شواہد موجود ہونے کا دعویٰ کیا گیا ہے۔

ایک طرف جرائم پیشہ عناصر کی سرپرستی کی جا رہی ہے، تو دوسری جانب انہی جرائم کا بہانہ بنا کر فورسز اور پولیس عام شہریوں، شہداء کے خاندانوں، یتیم بچوں اور لاپتہ افراد کے گھروں پر چھاپے مار کر چادر و چار دیواری کا تقدس پامال کر رہی ہیں، جس سے خواتین، بچوں اور بزرگوں میں شدید اضطراب پھیلا ہوا ہے۔

اہلیانِ نیوکاہان نے تمام بلوچ قوم دوست رہنماؤں، سوشل میڈیا کارکنوں، سماجی رہنماؤں، دانشوروں، اساتذہ اور شباب سے اپیل کی ہے کہ وہ نیوکاہان کی اس نسل کشی، سماجی تباہی اور چادر و چار دیواری کی پامالی کے خلاف بھرپور آواز اٹھائیں۔

اہلیانِ نیوکاہان نے واضح کیا کہ نیوکاہان کے نوجوانوں کے ہاتھوں میں کتاب، قلم اور ہنر ہونا چاہیے نہ کہ جرم اور منشیات۔ فورسز کی پے در پے سازشوں کے باوجود نیوکاہان اپنے شہداء، لاپتہ افراد اور بلوچ قومی فکر کی آبیاری کا مرکز رہے گا۔

سنگر نیوز واٹس ایپ چینل بلوچستان کی تازہ ترین، موثق اور لمحہ بہ لمحہ خبروں سے باخبر رہنے کے لیے ہمارے واٹس ایپ چینل کو فالو کیجیے۔
Share This Article