بلوچستان کے مرکزی شہر کوئٹہ میں ایئربیس کے قریب پاکستانی فوج کی فائرنگ سے ایک 12 سالہ لڑکا ہلاک ہوگیا جبکہ نوشکی میں افغان مہاجرین کو لے جانے والے ڈبل پک اپ گاڑی پر فائرنگ کے نتیجے میں 2 مہاجر ہلاک اور 4 زخمی ہوگئے۔
کوئٹہ میں ایف سی کی جانب سے اسٹریٹ فائرنگ کے نتیجے میں 12 سالہ لڑکا حمزہ ہلاک ہوگیا۔
ذرائع کے مطابق سمنگلی سے تعلق رکھنے والے 12 سالہ حمزہ، ولد محمد نبی، کو گذشتہ سہ پہر کوئٹہ ایئربیس کے قریب زخمی حالت میں پایا گیا۔
ابتدائی طور پر شہریوں نے زخمی حمزہ کو بولان میڈیکل کمپلیکس (BMC) اسپتال منتقل کیا، جہاں سے بعد ازاں اسے ٹراما سینٹر منتقل کیا گیا۔
اسپتال ذرائع کے مطابق حمزہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔ واقعے کے بعد علاقہ مکینوں نے بچے کی میت رکھ کر احتجاجاً دھرنا دے دیا۔
طالب علم کی موت کے خلاف لواحقین کی جانب سے سمنگلی ایئربیس کے سامنے احتجاج جاری ہے، جبکہ واقعے سے متعلق مزید تفصیلات سامنے آنا باقی ہیں۔
دوسری جانب نوشکی احمد وال روڈ پر افغان مہاجرین کو لے جانے والے ڈبل پک اپ گاڑی پر پاکستانی فورسز کی فائرنگ کے نتیجے میں دو افغان مہاجر ہلاک اور چار زخمی ہوگئے۔
ہلاک اور زخمیوں کو میر گل خان نصیر ٹیچنگ ہسپتال منتقل کیا گیا۔