جبری لاپتہ غلام حیدر کرد کے لواحقین کی پریس کانفرنس ، عدالت میں پیش کرنے کا مطالبہ

ایڈمن
ایڈمن
3 Min Read

بلوچستان کے مرکزی شہر کوئٹہ میں وائس فار بلوچ مسنگ پرسنز (VBMP) کے طویل عرصے سے جاری احتجاجی کیمپ سے جبری طور پر لاپتہ غلام حیدر کرد کی ہمشیرہ بی بی نجمہ اور والدہ بی بی شاہ نور نے دیگر لواحقین اور وی بی ایم پی کے چیئرمین نصر اللہ بلوچ کے ہمراہ ایک پریس کانفرنس کرتے ہوئے اپنے پیارے کی بلا تاخیر بحفاظت بازیابی کا مطالبہ کیا ہے۔

لاپتہ غلام حیدر کرد کی ہمشیرہ بی بی نجمہ نے کہا کہ میرے بھائی غلام حیدر کرد ولد جمعہ خان کو 12 مارچ 2026 کو کوئٹہ کے علاقے مشرقی بائی پاس (گلی نمبر 19، نزد کلی پرکانی) سے مبینہ طور پر کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (CTD) اور دیگر سیکیورٹی اداروں کے اہلکاروں نے بلاوجہ حراست میں لے کر نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا ہے، جس کے بعد سے وہ مسلسل جبری طور پر لاپتہ ہیں۔

ہم نے ان کی بازیابی اور ان کی موجودہ صورتحال کے بارے میں معلومات حاصل کرنے کے لیے متعلقہ تھانے، سول انتظامیہ اور اعلیٰ حکام سے متعدد بار رابطہ کیا، لیکن بدقسمتی سے آج تک نہ تو ان کی گرفتاری کی وجوہات بتائی گئی ہیں اور نہ ہی ان کے بارے میں کوئی سراغ دیا جا رہا ہے۔

غلام حیدر کرد کی والدہ، بہنیں، بھائی اور دیگر تمام اہلِ خانہ شدید ذہنی کرب، اذیت اور بے یقینی کی کیفیت میں مبتلا ہیں۔ ہمیں ہر گزرتے لمحے کے ساتھ اپنے بھائی کی سلامتی اور حراستی زندگی کے بارے میں شدید تشویش لاحق ہے۔

اعلیٰ حکام اور عدالتوں سے مطالبہ کرتے ہو ئے انہوں نے کہا کہ ہم حکومت، سیکیورٹی اداروں اور اربابِ اختیار سے مطالبہ کرتے ہیں کہ غلام حیدر کرد کو فوری طور پر بحفاظت بازیاب کیا جائے۔اگر ان پر کوئی جرم یا الزام ہے تو انہیں فوری طور پر منظرِ عام پر لا کر ملک کی بااختیار عدالتوں میں پیش کیا جائے اور انہیں قانون کے مطابق اپنے دفاع کا مکمل حق دیا جائے۔ بغیر کسی قانونی جواز کے شہریوں کو لاپتہ رکھنا آئین اور بنیادی انسانی حقوق کی سنگین پامالی ہے۔

آخر میں ان کا کہان کہنا تھا کہ ہم صحافی برادری، حقوقِ انسانی کی تنظیموں اور سول سوسائٹی سے زور دار اپیل کرتے ہیں کہ ہماری اس مظلومانہ آواز کو آگے بڑھانے اور ہمارے پیارے کی باحفاظت بازیابی میں اپنا انسانی و اخلاقی کردار ادا کریں۔

سنگر نیوز واٹس ایپ چینل بلوچستان کی تازہ ترین، موثق اور لمحہ بہ لمحہ خبروں سے باخبر رہنے کے لیے ہمارے واٹس ایپ چینل کو فالو کیجیے۔
Share This Article