کراچی میں 2 جبری لاپتہ بلوچ نوجوانوں کا قتل،بی وائی سی کا اقوامِ متحدہ سے تحقیقات کا مطالبہ

ایڈمن
ایڈمن
3 Min Read

بلوچ یکجہتی کمیٹی (BYC) نے اپنے الگ الگ اعلامیوں میں انکشاف کیا ہے کہ کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (CTD) نے حب چوکی سے جولائی کے مہینے میں جبری طور پر لاپتہ کیے گئے تمپ سے تعلق رکھنے والے دو دیہاڑی دار بلوچ نوجوانوں کو کراچی کے علاقے منگھوپیر میں ایک جعلی مقابلے کے ڈرامے کے تحت ماورائے عدالت قتل کر دیا ہے۔

بیان میں کہا گیا کہ وحید مری کا 23 سالہ بیٹا یحییٰ مری، جو روزگار اور اپنے خاندان کی کفالت کی خاطر حب چوکی منتقل ہوا تھا، کو 5 جولائی 2026 کو سی ٹی ڈی نے حب چوکی سے جبری طور پر لاپتہ کیا۔ 2 ماہ اور 14 دنوں تک مسلسل لاپتہ رکھنے اور خاندان کو اذیت میں مبتلا کرنے کے بعد 19 ستمبر 2026 کو اس کی لاش کراچی کے علاقے منگھوپیر میں پھینک دی گئی اور اسے سی ٹی ڈی کا جعلی مقابلہ قرار دیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ سید کا 28 سالہ بیٹا ہلال سید، ساکن ملک آباد (تمپ، کیچ)، جو پیشے کے لحاظ سے ایک محنت کش مزدور تھا، اپنے گھر میں غربت کے باعث حب چوکی منتقل ہوا تھا۔ اسے بھی 5 جولائی 2026 کو حب چوکی سے غیر آئینی طور پر گرفتار کر کے لاپتہ کیا گیا۔ ڈھائی ماہ سے زائد عرصہ پراسرار حراست میں رکھنے کے بعد 19 ستمبر 2026 کو سی ٹی ڈی نے اسے بھی منگھوپیر کراچی میں جعلی مقابلے میں قتل کر دیا۔

بلوچ یکجہتی کمیٹی نے اپنے بیان میں واضح کیا کہ اپنے وطن تمپ سے محض روزی روٹی، عزتِ نفس اور تحفظ کی تلاش میں حب جانے والے ان دو معصوم دیہاڑی دار نوجوانوں کو بلاوجہ لاپتہ کر کے قتل کر دیا گیا۔

بی وائی سی نے حکومت، عدالتی نظام اور سی ٹی ڈی کو اس مسلسل حراستی قتل و غارت گری کا ذمہ دار ٹھہراتے ہوئے کہا کہ آئین و قانون کی حکمرانی کو مکمل طور پر مفلوج کر دیا گیا ہے۔

بیان میں مطالبہ کیا گیا کہ بین الاقوامی انسانی حقوق کی تنظیمیں، صحافی برادری اور اقوامِ متحدہ (UN) یحییٰ مری اور ہلال سید کے حراستی قتل کا فوری نوٹس لیں۔اس واقعے اور بلوچستان سے تعلق رکھنے والے افراد کے ماورائے عدالت قتل کے واقعات کی مکمل، شفاف اور آزادانہ بین الاقوامی تحقیقات کرائی جائیں۔جعلی مقابلوں میں ملوث سی ٹی ڈی اہلکاروں اور اداروں کا بین الاقوامی قانون کے مطابق احتساب کیا جائے۔

سنگر نیوز واٹس ایپ چینل بلوچستان کی تازہ ترین، موثق اور لمحہ بہ لمحہ خبروں سے باخبر رہنے کے لیے ہمارے واٹس ایپ چینل کو فالو کیجیے۔
Share This Article