بلوچستان میں جبری گمشدگیوں کے خلاف وائس فار بلوچ مسنگ پرسنز (وی بی ایم پی) کے زیرِ اہتمام کوئٹہ پریس کلب کے سامنے قائم احتجاجی کیمپ تنظیم کے چیئرمین نصراللہ بلوچ کی قیادت میں 6364ویں روز بھی جاری رہا۔
احتجاجی کیمپ کے دوران نیشنل ڈیموکریٹک پارٹی کے آرگنائزر ایڈووکیٹ شاہ زیب بلوچ، انقلابی کمیونسٹ پارٹی کے رہنما کریم پرہاد سمیت دیگر افراد نے کیمپ کا دورہ کیا اور جبری لاپتہ افراد کے لواحقین سے اظہارِ یکجہتی کیا۔
اس موقع پر شرکاء نے بلوچستان میں جاری جبری گمشدگیوں اور مبینہ ماورائے عدالت ہلاکتوں پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ تمام لاپتہ افراد کو فوری طور پر بازیاب کیا جائے۔ جن افراد پر کسی قسم کے الزامات ہیں، انہیں منظرِ عام پر لاکر عدالت میں پیش کیا جائے اور انہیں قانونی دفاع و چارہ جوئی کا مکمل حق دیا جائے۔
انہوں نے مزید مطالبہ کیا کہ جبری گمشدگیوں اور ماورائے آئین اقدامات کا فوری خاتمہ کیا جائے، جبکہ لاپتہ افراد کے مقدمات میں شفاف تحقیقات اور قانون کے مطابق کارروائی کو یقینی بنایا جائے۔