بلوچستان کے ضلع نوشکی میں لجے کے قریب نوشکی خاران شاہراہ پر ایک خوفناک لینڈ مائن (بارودی سرنگ) دھماکے کے نتیجے میں پک اپ گاڑی کا ڈرائیور موقع پر ہلاک جبکہ تین افراد شدید زخمی ہو گئے ہیں۔
مقامی ذرائع کے مطابق مسافروں سے بھری ایک پک اپ گاڑی نوشکی سے خاران جا رہی تھی کہ لجے کے قریب سڑک پر نصب لینڈ مائن سے ٹکرا گئی۔ دھماکہ اس قدر شدید تھا کہ گاڑی کا ڈرائیور موقع پر ہی دم توڑ گیا، جبکہ گاڑی میں سوار دیگر 3 افراد شدید زخمی ہوئے۔
اطلاعات کے مطابق حادثے کے وقت گاڑی میں کل 11 افراد سوار تھے، جن میں سے 7 افراد معجزانہ طور پر محفوظ رہے ہیں۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی مقامی افراد اور امدادی ٹیموں نے موقع پر پہنچ کر ہلاک ڈرائیور کی لاش اور زخمیوں کو فوری طور پر ٹیچنگ ہسپتال نوشکی منتقل کر دیا، جہاں زخمیوں کو طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔ واقعے کے بعد علاقے میں سیکیورٹی فورسز نے پہنچ کر معائنہ شروع کر دیا ہے۔