بلوچستان کے سرحدی ضلع قلعہ عبداللہ میں اسنیپ چیکنگ کے دوران مسلح افراد نے پاکستان کے صوبہ پنجاب سے تعلق رکھنے والے پانچ شہریوں کو حراست میں لے کر نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا ہے۔
پولیس کے مطابق یہ واقعہ پیر کی شب قلعہ عبداللہ کی تحصیل گلستان کے علاقے گردی پنکئی میں پیش آیا۔
بتایا جاتا ہے کہ موٹر سائیکلوں پر سوار پانچ مسلح افراد نے اسنیپ چیکنگ کے دوران کارروائی کی اور وہاں موجود پانچوں شہریوں کو زبردستی اپنے ساتھ لے گئے۔
مقامی ذرائع کے مطابق اغوا کیے گئے افراد کا تعلق پنجاب کے ضلع مظفر گڑھ کی مکھن بیلہ یونین کونسل سے ہے۔
مغوی افراد کی شناخت انعام رضا، باقر حسین، محمد عدنان، محمد شہزاد اور اذان علی / محمد اذان کے ناموں سے ہوگئی ہے ۔
واقعے کے بعد پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر معاملے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔
تاہم پولیس حکام نے ان افراد کے اغوا کے محرکات، مغویوں کی موجودہ لوکیشن اور اس کارروائی میں ملوث عناصر کی شناخت سے متعلق مزید تفصیلات فراہم نہیں کیں۔
تاحال کسی بھی گروہ یا تنظیم نے ان پانچوں افراد کو حراست میں لینے یا اغوا کرنے کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے۔