بلوچستان کے علاقے وندر کھرکھیرا کسٹم چیک پوسٹ کے قریب وندر سے جانے والے ایل پی جی گیس بوزر اور کوئٹہ سے آنے والی المحمود کوچ کے درمیان خوفناک تصادم کے نتیجے میں دونوں گاڑیوں کے ڈرائیور ہلاک جبکہ خواتین اور بچوں سمیت تقریباً 15 افراد زخمی ہوگئے۔
ذرائع کے مطابق حادثے میں ہلاک ہونے والے ایل پی جی بوزر کے ڈرائیور کی شناخت محمد طارق کے نام سے ہوئی ہے، جو نوشکی کا رہائشی بتایا جاتا ہے، جبکہ المحمود کوچ کے ڈرائیور دولت خان بھی حادثے میں جاں بحق ہوئے۔
حادثہ اتنا شدید تھا کہ تصادم کے نتیجے میں دونوں گاڑیوں کو شدید نقصان پہنچا، جبکہ بعض زخمیوں کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی وندر پولیس، موٹروے پولیس اور ریسکیو ۱۱۲۲ کی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور امدادی کارروائیاں شروع کردیں۔ ریسکیو اہلکاروں نے زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے کے بعد مزید علاج کے لیے کراچی منتقل کردیا۔
حادثے کے باعث کھرکھیرا کے مقام پر ٹریفک کی روانی بھی متاثر ہوئی۔ پولیس نے واقعے کی مزید تحقیقات شروع کردی ہیں۔