وڈھ میں فورسزکی فائرنگ سے 4 افراد غلط اطلاع کی بنیاد پر مارے گئے، سرفراز بگٹی

ایڈمن
ایڈمن
3 Min Read

بلوچستان کے کٹھ پتلی وزیر اعلیٰ سرفراز بگٹی نے اعتراف کیا ہے کہ خضدار کے علاقے سونارو میں ہلاک ہونے والے چار افراد بے گناہ تھے جو غلط اطلاع کی بنیاد پر مارے گئے۔

انھوں نے یہ بات سنیچر کے روز سعودی عرب سے وڈیو لنک کے ذریعے پاکستان کے دیگر صوبوں سے کوئٹہ آنے والے سینیئر صحافیوں سے گفتگو کے دوران کہی۔

جمعرات کی شب ضلع خضدار میں وڈھ کے علاقے سونارو میں چار لوگ مارے گئے تھے جن میں ایک سات سالہ بچہ بھی شامل تھا۔

ہلاک ہونے والے افراد کے رشتہ داروں اور بلوچستان نیشنل پارٹی نے اس واقعے کا الزام سکیورٹی فورسز پر عائد کیا تھا۔

مارے جانے والے افراد کے ایک رشتہ دار محمد یونس نے فون پر بی بی سی کو بتایا کہ یہ لوگ بے گناہ تھے اور جمعرات کی شب ساڑھے دس بجے ایک شادی سے واپس آرہے جب مبینہ طور پر سکیورٹی فورسز کی فائرنگ سے ہلاک ہوئے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہلاک ہونے والے میں دو بھائی، ان کا ایک کزن اور ایک سات سالہ بچہ شامل تھا جبکہ واقعے میں ایک خاتون اور ایک اور بچہ بھی زخمی ہوا۔

اس واقعے کے خلاف لوگوں نے بطور احتجاج کوئٹہ کراچی شاہراہ کو کو سونارو اور وڈھ کے مقامات پر دھرنا دیکر بند کر دیا تھا۔

دھرنے کے باعث شاہراہ پر دونوں اطراف گاڑیوں کی ایک بڑی تعداد پھنس گئی جس سے لوگوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

سنیچر کے روز ڈپٹی کمشنر خضدار عبدالرزاق ساسولی نے دھرنا کے شرکا سے مذاکرات کیے جس کے بعد دونوں مقامات سے دھرنے ختم کر دیے گئے۔

محمد یونس نے بتایا کہ حکام نے مظاہرین کی جانب سے رکھے گئے مطالبات پر عملدرآمد کے لیے دس دن کا وقت مانگا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ اگر مطالبات پورے نہ ہوئے تو دوبارہ احتجاج شروع کیا جائے گا۔

صحافیوں سے گفتگو کے دوران اگرچہ اس واقعے کے حوالے سے وزیر اعلیٰ سے براہ راست سوال نہیں کیا گیا تاہم انھوں نے ضمناً اس کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ سکیورٹی فورسز بلوچستان میں ایک مشکل صورتحال میں کام کررہی ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ سکیورٹی اہلکار شدت پسندوں کو بھرپور انداز میں جواب دیتے ہیں لیکن اس میں انتہائی احتیاط سے کام لیتے ہیں تاکہ عام لوگ کا نقصان کم سے کم ہو۔

وزیرِ اعلیٰ نے ان چار افراد کی ہلاکت کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اس علاقے میں سکیورٹی فورسز پر حملہ ہوا تھا جس کے بعد اطلاع موصول ہوئی تھی کہ حملہ آور موٹر سائیکلوں پر آ رہے ہیں جس کی وجہ سے یہ لوگ مارے گئے۔

سرفراز بگٹی کا کہنا تھا کہ وہ اعتراف کرتے ہیں کہ مارے جانے والے افراد بے گناہ تھے اور ایک شادی سے واپس آرہے تھے۔

سنگر نیوز واٹس ایپ چینل بلوچستان کی تازہ ترین، موثق اور لمحہ بہ لمحہ خبروں سے باخبر رہنے کے لیے ہمارے واٹس ایپ چینل کو فالو کیجیے۔
Share This Article