جیونی میں NLC کی گاڑی پر حملہ، 4 ملازمین ہلاک، ماشکیل میں لیتھیم مائننگ سائٹ کی مشینریز نذرِ آتش

ایڈمن
ایڈمن
2 Min Read

بلوچستان کے ساحلی ضلع گوادر اور ایران سرحد سے متصل علاقے ماشکیل میں مسلح افراد کی جانب سے دو علیحدہ کارروائیوں میں نیشنل لاجسٹکس کارپوریشن (NLC) کے 4 ملازمین کو ہلاک کر دیا گیا، جبکہ ایک غیر ملکی مفاد والی لیتھیم مائننگ سائٹ پر بھاری مشینری اور گاڑیوں کو نذرِ آتش کر دیا گیا ہے۔

پولیس ذرائع کے مطابق گوادر کے ساحلی علاقے جیونی میں نامعلوم مسلح افراد نے نیشنل لاجسٹکس کارپوریشن (این ایل سی) کے ملازمین کو لے جانے والی ایک گاڑی پر اندھا دھند فائرنگ کر دی۔ اس حملے کے نتیجے میں گاڑی میں سوار چاروں ملازمین موقع پر ہی ہلاک ہو گئے۔

ہلاک ہونے والے افراد کی شناخت غلام مصطفیٰ (ساکن، پنجاب)، ثنا مسیح (ساکن، شیخوپورہ، پنجاب)، کنول شہزاد (ساکن کوئٹہ) اور دانش اقبال (ساکن، ضلع کرک، خیبر پختونخوا)کے ناموں سے ہوگئی ہے ۔

واقعے کے بعد پولیس اور فورسز نے علاقے کی ناکہ بندی کر کے تحقیقات شروع کر دی ہیں۔ تاہم، اس حملے کی ذمہ داری فی الوقت کسی مسلح تنظیم نے قبول نہیں کی ہے۔

دوسری جانب ضلع واشک سے متصل سرحد پر واقع ہامونِ ماشکیل میں مسلح افراد کی ایک ٹیم نے لیتھیم نکالنے والی ایک پرائیویٹ کمپنی کی مائننگ سائٹ کو نشانہ بنایا۔

ذرائع کے مطابق مسلح افراد نے سائٹ پر قبضہ کر کے وہاں موجود قیمتی مائننگ مشینری، ایکسکیویٹرز اور متعدد گاڑیوں کو آگ لگا دی، جس سے تمام سامان مکمل طور پر تباہ ہو گیا اور کمپنی کو کروڑوں روپے کا مالی نقصان پہنچا۔

تقریباً 5 ہزار مربع کلومیٹر کے رقبے پر پھیلا ہامونِ ماشکیل کا خطہ غیر معمولی زیرِ زمین معدنی وسائل، بالخصوص لیتھیم کے ذخائر کے حوالے سے عالمی اہمیت کا حامل سمجھا جاتا ہے۔ اس اہم مائننگ پروجیکٹ پر حملے کے بعد بھی تاحال کسی گروپ کی جانب سے کوئی بیان یا ذمہ داری کا ادعا سامنے نہیں آیا ہے۔

سنگر نیوز واٹس ایپ چینل بلوچستان کی تازہ ترین، موثق اور لمحہ بہ لمحہ خبروں سے باخبر رہنے کے لیے ہمارے واٹس ایپ چینل کو فالو کیجیے۔
Share This Article