مغربی بلوچستان کے شہر سراوان اور اس کے گردونواح میں پاسدارانِ انقلاب (IRGC) اور مسلح افراد کے مابین گزشتہ 5 گھنٹوں سے شدید اور خونی جھڑپوں کی اطلاعات سامنے آرہی ہیں۔ کہا جارہا ہے کہ علاقے سے مسلسل بمباری، سنگین فائرنگ اور زوردار دھماکوں کی آوازیں سنی جا رہی ہیں۔
ذرائع اور زمین سے آنے والی اطلاعات کے مطابق سراوان میں صورتحال انتہائی کشیدہ ہے اور فریقین کے درمیان تصادم میں شدت آتی جا رہی ہے۔
ایرانی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ مسلح افراد نے گھروں پر حملہ کیا ہے اور جھڑپیں جاری ہیں۔
شدید فائرنگ اور گولہ باری کی زد میں آ کر کم از کم 3 رہائشی مکانات مکمل طور پر جل کر خاکستر ہو چکے ہیں۔
کہا جارہا ہے کہ مسلح افراد نے ایرانی فورسز کے 2 ڈرون طیاروں کو فضامیں نشانہ بنا کر تباہ کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔
جھڑپوں کے نتیجے میں دونوں جانب سے درجنوں افراد کی ہلاکتوں اور شدید زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔
سراوان کی فضائوں میں پاسدارانِ انقلاب کے ہیلی کاپٹرز مسلسل پرواز کر رہے ہیں اور فضائی نگرانی کر رہے ہیں۔
شہر میں مزید 4 ایمبولینسز کو شدید زخمیوں اور لاشوں کی منتقلی کے لیے جاتے ہوئے دیکھا گیا ہے۔
ایران کے مقامی وقت کے مطابق رات 8:57 بجے کے بعد بھی سراوان کے مختلف حصوں میں دونوں اطراف سے فائرنگ اور پیش قدمی کا سلسلہ جاری تھا اور پورا علاقہ جنگی میدان کا منظر پیش کر رہا ہے۔